جالندھر، 10 جنوری (یو این آئی) جالندھر میں جاری نیشنل اسکول گیمز ہاکی (انڈر 19) کے پانچویں دن بدھ کو میزبان پنجاب کی ٹیموں نے ہریانہ اور مہاراشٹر کی ٹیموں کو شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔اس موقع پر ایم ایل اے رمن اروڑہ نے بطور مہمان خصوصی سرجیت ہاکی اسٹیڈیم پہنچ کر سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں سے ملاقات کی اور ان کے بہتر مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔آج کھیلے گئے لڑکوں کے کوارٹر فائنل میچوں میں پنجاب نے جھارکھنڈ کو 6-2 سے، ہریانہ نے گجرات کو 6-0 سے، اڈیشہ نے مدھیہ پردیش کو 5-0 سے اور اتر پردیش نے مغربی بنگال کو 4-0 سے شکست دی۔ لڑکیوں کے کوارٹر فائنل میچوں میں پنجاب نے جھارکھنڈ کو 2-1 سے، مدھیہ پردیش نے اتر پردیش کو 3-0 سے، ہماچل پردیش نے مہاراشٹر کو 3-2 سے اور اڈیشہ نے ہریانہ کو 2-0 سے شکست دی۔لڑکوں کے سیمی فائنل میچوں میں پنجاب نے ہریانہ کو 5-0 سے اور اتر پردیش نے اوڈیشہ کو 3-0 سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کی۔ لڑکیوں کے سیمی فائنل میچوں میں میزبان پنجاب نے مہاراشٹر کو 3-0 سے اور مدھیہ پردیش نے اڈیشہ کو 1-0 سے شکست دی۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری ایجوکیشن) راجیو جوشی نے بتایا کہ کل ہونے والے فائنل میں پنجاب کے لڑکوں کی ٹیم اتر پردیش سے اور لڑکیوں کی ٹیم کا مقابلہ مدھیہ پردیش سے سرجیت ہاکی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ڈی ایم اسپورٹس اقبال سنگھ رندھاوا نے کہا کہ ہریانہ اور اڈیشہ کی لڑکوں کی ٹیمیں پی اے پی ہاکی گراؤنڈ میں تیسرے مقام کے لیے مقابلہ کریں گی اور بی ایس ایف ہاکی گراؤنڈ میں اڈیشہ اور مہاراشٹر کی لڑکیوں کی ٹیمیں تیسرے مقام کے لیے مقابلہ کریں گی۔