نئی دہلی، 23 جون (یو این آئی)لیونل میسی دنیا کے مقبول ترین فٹبالرز میں سے ایک ہیں۔ ان کا اپنی نسل کے عظیم فٹ بال کھلاڑیوں میں شمار ہوتا ہے۔میسی نے بہت چھوٹی عمر میں وہ سب کچھ حاصل کیا جو انہیں ایک عظیم فٹ بالر بناتا ہے۔ بلاشبہ آج لیونل میسی دنیا کے سب سے بڑے فٹبالر ہیں لیکن انہوں نے یہ اعلی مقام اور ان گنت ایوارڈ اور ریکارڈ یوں ہی حاصل نہیں کرلئے اس کے لئے انہیں بہت جدوجہد اور سخت محنت کرنا پڑی۔مشہور فٹبالر لیونل میسی ارجنٹائنا ٹیم کے کپتان بھی رہے۔ آج کے دور کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک شمار کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے 5 بار گولڈن شو جیت کر نیا ریکارڈ قائم کیا، جس سے وہ سب سے زیادہ یورپی گولڈن شوز جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے چار بار فیفا ورلڈ پلیئر آف دی ایئر کا ٹائٹل بھی جیتا۔ لیونل میسی کا پورا نام لوئس لیونل اینڈریس ہے اور ان کا عرفی نام لیو ہے۔ میسی 24 جون 1987 کو روزاریو، ارجنٹائن میں اسٹیل فیکٹری کے ایک مینیجر جارج میسی اور ان کی اہلیہ سیلیا کوکیٹینی کے ہاں پیدا ہوئے۔ میسی نے اپنی ابتدائی تعلیم لاس ہیریس ایلیمنٹری اسکول سے حاصل کی،بچپن سےہی میسی کو فٹبال کا شوق تھا اور انہوں نے اپنی پوری توجہ اور وقت فٹ بال کے لیے وقف کردیا تھا جس کے سبب انہیں اپنی تعلیم درمیان میں ہی چھوڑنا پڑی۔میسی نے ایک ایسے خاندان میں پرورش پائی جہاں فٹ بال گھر کے ہر فرد کی رگوں میں دوڑ رہی تھی۔ وہ نیویل کے اولڈ بوائز میں جانے سے پہلے کم عمری میں اپنے بڑے بھائیوں کے ساتھ کھیلا کرتے تھے۔ ایک مقامی کلب گریڈولی میں شامل ہوئے۔ یہاں میسی کو ان کے والد نے تربیت دی، حیرت انگیز بات تو یہ ہے کہ ان کی دادی نے بھی ان کے میچوں کے دوران میسی کی کوچنگ کی۔
جب میسی 10 برس کے تھے تو انہیں گروتھ ہارمون کی کمی کی تشخیص ہوئی تھی،جس سے میسی کا پروفیشنل فٹبالر بننے کا خواب خطرے میں پڑ گیا۔
میسی نے اس شدید بیماری کا شکار ہونے کے باوجود ہمت نہیں ہاری، حالانکہ میسی کی جگہ اگر کوئی اور ہوتا تو شاید ہی اس بیماری کے بعد فٹبال کھیلنے کی سوچتا۔ لیکن میسی نے اپنی بیماری کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی محنت جاری رکھی اور آج وہ عظیم فٹبالرز کی فہرست میں شامل ہیں۔
ان کے خاندان کے حالات معاشی طور پر کمزور تھے۔ تب گھر والوں نے فٹ بال کلبوں کا رخ کیا جہاں سے انہیں میسی کے علاج کے اخراجات پورا کرنے کےلئے مالی مدد فراہم کی گئی۔ کئی بار میسی کے علاج کا خرچہ بارسلونا نے ادا کیا۔ رائل ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن میں شامل ہونے کے بعد انہوں نے بارسلونا کے لیے کھیلنا شروع کیا۔ اپنے گروتھ ہارمون کی کمی کا علاج مکمل ہونے پر، وہ بارسلونا کی نوجوان ٹیم کا حصہ بنے۔