برج ٹاؤن، 23 جون (یو این آئی) انگلینڈ نےکرس جورڈن کی ایک ہی اوور میں ہیٹ ٹرک (چار وکٹیں) اور کپتان جوس بٹلر (83 رنز) کی طوفانی اننگز کی بدولت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کے سپر ایٹ گروپ 2 کے میچ میں امریکہ کو ریکارڈ 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ۔انگلش ٹیم نے 116 رنز کا ہدف صرف 9.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ ایسے میں گروپ 2 کا آخری میچ ناک آؤٹ ہو گیا ہے۔ اسےجیتنے والی ٹیم ٹاپ 4 میں پہنچ جائے گی۔116 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی اوپننگ جوڑی فل سالٹ اور کپتان جوس بٹلر نے دھماکہ خیز انداز میں شروعات کی اور 9.4 اوورز میں 117 رنز بنا کر 10 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ فل سالٹ نے 21 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔ جوس بٹلر نے 38 گیندوں پر چھ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 83 رنز کی شاندار ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔ ان دونوں کی بیٹنگ کے سامنے کوئی بھی امریکی گیند باز کامیاب نہ ہو سکا۔اس سے قبل انگلینڈ نے کرس جارڈن (چار وکٹ) اور دیگر گیند بازوں کی زبردست کارکردگی کی بدولت امریکہ کو 18.5 اوور میں 115 رن پر سمیٹ دیا تھا۔یہاں آج انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے ٹاس جیت کر امریکہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جب وہ بیٹنگ کے لیے آئے تو امریکہ کی شروعات خراب رہی۔
پہلے ہی اوور میں ریس ٹوپلے نے اینڈریاس گاس (8) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد چھٹے اوور میں سیم کرن نے اسٹیون ٹیلر (12) کو معین علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ نتیش کمار (30)، کپتان آرون جونز (10) عادل رشید کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ کوری اینڈرسن29، ہرمیت سنگھ 21 اور ملند کمار4 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کرس جارڈن نے صفر پر تین بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ امریکی ٹیم 18.5 اوورز میں 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔