بنگلورو، 19 جون (یو این آئی) اسمرتی مندھانا (136) اور کپتان ہرمن پریت کورناٹ آؤٹ (103) کی شاندار سنچری اننگز کے بعد گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں بدھ کو جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم کو 4 رنز سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور چوتھے اوور میں تیجمن برٹس (5) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد اینیکا بوش (18) اور سنی لوس (12) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد کپتان لورا ولوارڈٹ نے مارجن کپ کے ساتھ مل کر اننگ کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے 184 رنز کی شراکت ہوئی۔ جیت کی طرف بڑھ رہے جنوبی افریقہ کو 43ویں اوور میں دیپتی شرما نے مارجن کپپ کو آؤٹ کر کے بڑا جھٹکا دیا۔ مارجن کپ نے 94 گیندوں پر 114 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 11 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ اس کے بعد پوجا وستراکر نے نادین ڈی کلرک (28) اور نونڈومیسو شنگھاس (0) کو آؤٹ کرکے جنوبی افریقہ کو دباؤ میں ڈال دیا۔ تاہم کیپٹن لورا وولوارڈ ایک سرے پر کھڑی تھیں۔ کپتان لورا ولوارڈٹ نے 135 گیندوں پر 12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 135 رنز بنائے لیکن آخری گیند پر اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر صرف 321 رنز بنا سکی اور میچ چار رنز سے ہار گئی۔ہندوستانی ٹیم کی طرف سے پوجا وستراکر اور دیپتی شرما نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اسمرتی مندھانا اور اروندھتی ریڈی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج یہاں ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لئے آئیں اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما کی ہندوستانی اوپننگ جوڑی نے ابھی 36 رنزجوڑے تھے کہ نونکلولیکو ملابا نے شیفالی ورما (20) کو ماساباتا کلاس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر جنوبی افریقہ کے لیے پہلی کامیابی حاصل کی۔ دیالن ہیملتا بھی 23ویں اوور میں 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ انہیں ماساباتا کلاس نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد اسمرتی مندھانا اور ہرمن پریت کور نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افریقی گیند بازوں کی پٹائی جاری رکھی۔ 46 ویں اوور میں نونکولولیکو ملابا نے اسمرتی مندھانا کو تزمین برٹس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر جنوبی افریقہ کو تیسری کامیابی دلائی۔ اسمرتی مندھانا نے 120 گیندوں میں 136 رنز کی اننگ کھیلی جس میں 18 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ کپتان ہرمن پریت کور 88 گیندوں پر نو چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 103 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ یہ ہرمن پریت کی چھٹی سنچری ہے۔ ریچا گھوش 13 گیندوں پر 25 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں تین وکٹوں پر 325 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے نونکلولیکو ملابا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ماساباتا کلاس نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔