چنڈی گڑھ، 18 جون (یو این آئی) ہریانہ کانگریس کے سینئر لیڈر بھوپیندر سنگھ ہڈا نے منگل کو کہا کہ ریاست میں بجلی اور پانی کی قلت کے باعث افراتفری کا ماحول ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اقتدار کے نشے میں مدہوش آنکھیں بند کیے بیٹھی ہے، جو پارٹی عوام کی بنیادی ضروریات جیسے بجلی اور پانی کو پورا نہیں کر سکتی اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔مسٹر ہڈا نے کہا کہ بجلی کی قلت کی وجہ سے نہ صرف عام زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ لوگوں کے کاروبار اور صنعتوں پر بھی اس کا منفی اثر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور میں ہریانہ بجلی کی پیداوار میں سرپلس ریاست بن گیا تھا۔ ریاست کے پاس اپنے اتنے پاور پلانٹس اور پیداواری صلاحیت ہے کہ وہ ریاست کی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ لیکن بی جے پی ان پاور پلانٹس سے خاطرخواہ بجلی پیدا نہیں کر رہی ہے۔ کئی یونٹ بند ہیں۔ اس کی وجہ سے ریاست کو دوسری نجی کمپنیوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ مانگ میں اضافے کے بعد گزشتہ دس سالوں میں نہ تو کوئی نئی فیکٹری لگائی گئی اور نہ ہی کوئی نیا یونٹ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی گرمیوں کے موسم میں ہر بار یہی کھیل کھیلتی ہے۔ پرائیویٹ کمپنیاں بجلی کی کمی کا فائدہ اٹھا کر حکومت کو کئی گنا زیادہ نرخوں پر بجلی فروخت کرتی ہیں۔ اس کی ادائیگی عام آدمی کی محنت کی کمائی کو لوٹ کر کی جاتی ہے۔ اس بار بھی عوام کے ساتھ یہی کھیل کھیلا جا سکتا ہے، لیکن کانگریس ہر پلیٹ فارم سے بی جے پی کے ان عزائم کو بے نقاب کرے گی۔