پڈوکوٹائی (تمل ناڈو)، 18 جون (یو این آئی) سری لنکا کی بحریہ نے بین الاقوامی میری ٹائم باؤنڈری لائن (آئی ایم بی ایل) کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کے آبی علاقوں میں مچھلی پکڑنے کے الزام میں منگل کو چار ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا اور مچھلی پکڑنے والا ٹرالر ضبط کرلیا۔تمل ناڈو کے ماہی گیری محکمہ کے حکام نے یہاں بتایا کہ گرفتار ماہی گیر پڈوکوٹائی ضلع کے کوٹائی پٹنم ساحلی گاؤں کے رہائشی ہیں اور انہیں سری لنکا کی بحریہ نے اس وقت حراست میں لیا جب وہ ڈیلفٹ جزیرے کے قریب سمندر میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے۔گرفتار ماہی گیروں کی شناخت این۔ رامداس (52)، کے. مرلی (42)، کے. پارتھیبن (32) اور کے۔ سارتھی (28) کے طورپر ہوئی ہے۔
دریں اثنا، سری لنکا کی بحریہ نے دعویٰ کیا کہ اس نے سری لنکا کے پانیوں میں مچھلیاں پکڑنے والے ہندوستانی ٹرالروں کو بھگانے کے لئے خصوصی آپریشن شروع کیا تھا۔پکڑے گئے ماہی گیروں کو کنکیسنتھورائی بندرگاہ لے جایا گیا اور مزید قانونی کارروائی کے لیے مالاڈی میں فشریز حکام کے حوالے کر دیا گیا۔اس کے ساتھ ہی سری لنکا کی بحریہ نے اس سال اب تک مچھلی پکڑنے والی 24 ہندوستانی کشتیاں ضبط کی ہیں اور 182 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے۔