اینٹیگا، 15 جون (یو این آئی) افغانستان نے آئی سی سی مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے بقیہ میچوں کے لیے اپنی 15 کھلاڑیوں کی ٹیم میں تبدیلیاں کی ہیں۔ آف اسپنر مجیب الرحمان انجری کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ تاہم افغانستان کی ٹیم ٹی-20 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ میں پہنچ گئی ہے۔ افغانستان کے 23 سالہ آف اسپنر مجیب حالیہ برسوں میں ٹیم کا ایک اہم حصہ رہے ہیں، جنہوں نے 46 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 59 وکٹیں اپنے نام کیں اور فارمیٹ میں 6.35 کی شاندار کیرئیر اکانومی ہے، لیکن مجیب نے گروپ سی میں افغانستان کی طرف سے صرف ایک میچ کھیلا ۔ انہوں نے یوگانڈا کے خلاف تین اووروں میں 16 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔آف اسپنر کی دائیں شہادت کی انگلی کے جوڑ میں چوٹ اتنی سنگین ہے کہ مجیب کو ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا ۔ آئی سی سی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے مجیب کی جگہ حضرت اللہ زازئی کو میدان میں اتارنے کی افغانستان کی درخواست کو منظور کر لیا ہے۔ افغانستان ٹیم: راشد خان (کپتان)، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، عظمت اللہ عمرزئی، نجیب اللہ زدران، محمد اسحاق، محمد نبی، گلبدین نائب، کریم جنت، ننگیال خروٹی، نور احمد، نوین الحق، فضل الحق فاروقی، فرید احمد ملک، حضرت اللہ زازئی اور ریزرو میں صادق اٹل، سلیم صفی ہیں۔