امریکہ نے سپر ایٹ میں پہنچ کر 2026 کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا

0
8

فلوریڈا، 15 جون (یو این آئی) فلوریڈا میں بارش کی وجہ سے آئرلینڈ کے ساتھ آخری گروپ میچ منسوخ ہونے کے بعد شریک میزبان امریکہ نے پہلی بار آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کرکٹ مقابلے کے سپر 8 میں شامل ہونے کے ساتھ 2026 میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ جمعہ کی رات منسوخ ہونے والے میچ میں دونوں ٹیموں نے پوائنٹس شیئر کیے جس سے امریکہ پاکستان سے تین پوائنٹس آگے ہوگیا ہے۔ پاکستان اپنا آخری میچ اتوار کو فلوریڈا کے بروورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
امریکہ کینیڈا اور پاکستان کے خلاف جیت کے بعد سپر 8 مرحلے میں پہنچ گیا، تاہم، وہ شریک میزبان ملک دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندستان سے کم فرق سے ہار گیا تھا۔ ہندوستان بھی گروپ اے میں ٹاپ کر کے اگلے مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ مقابلے کا سپر 8 مرحلہ کیریبین جزائر میں ہوگا، جس میں بدھ 19 جون کو امریکہ کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے اینٹیگوا میں ہوگا۔ سپر 8 مرحلے میں پہنچ کر امریکہ کی ٹیم خود بخود آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرجائے گی، جس کی میزبانی ہندستان اور سری لنکا کریں گے۔ ٹیموں کو انعامی رقم میں اضافہ بھی ملے گا، سپر 8 تک پہنچنے والی تمام ٹیموں کو کم از کم 382,500 امریکی ڈالر کی گارنٹی ہوگی۔ سپر 8 مرحلے میں آٹھ ٹیموں کو چار چار کے دو پولز میں تقسیم کیا جائے گا، ہر ایک سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ آخری گروپ اسٹیج مقابلوں کے نتائج کی بنیاد پر امریکہ کو جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ یا اسکاٹ لینڈ کے ساتھ گروپ میں رکھا جائے گا۔