بیونس آئرس، 14 جون (یو این آئی) ارجنٹینا فٹبال ٹیم کے لیجنڈفٹبالر لیونل میسی اپنے مصروف شیڈول اور علیل صحت کی وجہ سے آئندہ پیرس اولمپک گیمز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔میسی نے ارجنٹینا کے انڈر-23 کوچ ماسچرانو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں موجودہ صورتحال کو سمجھتے ہیں اور اولمپکس کے بارے میں فی الحال سوچنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا ممکن ہے کہ کلب سے مسلسل دو تین ماہ دور رہيں اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ میں اب اتنی عمر میں نہیں ہوں کہ ہر کام میں حصہ لے سکوں۔ یہ بہت مشکل فیصلہ تھا، لیکن میرے کریئر کے اس مرحلے پر یہ ضروری ہے کہ میں اپنے جسم اور دماغی صحت کا خیال رکھوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خطرے سے بچنا ہے۔ لگاتار دو ٹورنامنٹ کھیلنا بہت زیادہ دشوار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کوپا امریکہ کے بعد مجھے اپنے کلب انٹر میامی کے لیے بھی کھیلنا ہے اور اتنے عرصے تک کھیل سے دور رہنا آسان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپکس میں کھیلنے اور ماشے کے ساتھ مل کر جیت حاصل کرنے کے لیے میں بہت خوش قسمت رہا ہوں۔ یہ فٹ بال کے لحاظ سے بہت اچھا تجربہ تھا۔