افغانستان نے پاپوا نیو گنی کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سپر ایٹ میں بنائی جگہ

0
16

ٹروبا، 14 جون (یو این آئی) فضل الحق فاروقی اور نوین الحق کی شاندار گیند بازی کے بعد گلبدین نائب ناٹ آؤٹ (46) کی شاندار اننگز کی بدولت افغانستان نے ٹی -20 ورلڈ کپ کے 29ویں میچ میں پاپوا نیو گنی کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سپر ایٹ میں داخلہ حاصل کر لیا۔ٹرنیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کے گیند بازوں نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاپوا نیو گنی کو 19.5 اوورز میں 95 رن پر سمیٹ دیا۔ پاپوا نیو گنی کی جانب سے کپلن ڈوریگا نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے۔
آلیئ ناؤ (13) اور ٹونی اورا (11) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آٹھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی نے تین وکٹ حاصل کئے۔ نوین الحق نے دو وکٹ لئے اور نور احمد نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔96 رن کے چھوٹے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کا آغاز اچھا نہیں رہا اور دوسرے ہی اوور میں ابراہیم زدران (0) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ رحمان اللہ گرباز (11) تیسرے اوور میں 11 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ایسے وقت میں گلبدین نائب اور عظمت اللہ عمرزئی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ نویں اوور میں نارمن وانوا نے عظمت اللہ عمرزئی (13) کو بولڈ کر کے افغانستان کو تیسرا دھچکا دیا۔ گلبدین نائب نے 36 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 49 رن کی ناٹ اننگز کھیلی۔ محمد نبی 16 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔افغانستان نے 15.1 اوورز میں تین وکٹوں پر 101 رن بناکر سات وکٹوں سے میچ جیت لیا۔
پاپوا نیو گنی کی جانب سے آلیئ ناؤ، سیمو کامیا اور نارمن وانوا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس فتح کے ساتھ ہی افغانستان سپر 8 میں پہنچنے والی گروپ سی سے دوسری ٹیم بن گئی اور اس نے نیوزی لینڈ کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے ہی اس گروپ سے کوالیفائی کر چکی ہے۔