سڈنی، 13 جون (یو این آئی) ہندوستان کے اسٹار شٹلر ایچ ایس پرنائے جمعرات کو اسرائیل کی میشا زیلبرمین اور سمیر ورما اور سنگاپور کے لوہ کین یو کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئے۔ پرنائے نے بی ڈبلیو ایف سپر 500 ٹورنامنٹ کے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں 46 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں اسرائیل کی میشا زلبرمین کو 21-17، 21-15 سے شکست دے دی۔
سنگلز زمرے میں پرنائے کوارٹر فائنل میں جاپان کے کوڈائی ناراوکا سے مقابلہ کریں گے۔ یہ پہلا موقع ہے جب پرنائے جنوری میں انڈیا اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد دوسرے راؤنڈ سے آگے بڑھے ہیں۔ ایک اور میچ میں ہندوستان کے سمیر ورما نے سنگاپور کے لوہ کین یو کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ سمیر نے سابق عالمی چیمپئن کو 62 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 21-14، 14-21، 21-19 سے شکست دی۔ اگلے راؤنڈ میں سمیر کا مقابلہ چینی تائپے کے لن چون یی سے ہوگا۔ نمبر 35 کرن جارج دوسرے راؤنڈ میں عالمی نمبر 11 جاپان کے کینتا نشیموتو سے ہار گئے۔ پہلے گیم میں سخت مقابلہ کرنے کے باوجود جارج 49 منٹ میں 20-22، 6-21 سے ہار گئے۔
خواتین کے سنگلز میں آٹھویں سیڈ اکرشی کشیپ نے آسٹریلیا کی کائی کیو تیوہ کو 21-16، 21-13 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ آخری آٹھ میں اکرشی کا مقابلہ چینی تائپے کی تیسری سیڈ پائی یو پو سے ہوگا۔
مالویکا بنسوڈ کو ساتویں سیڈ انڈونیشیا کی ایسٹر نورمی تری وردویو سے 17-21، 21-23 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ انوپما کو انڈونیشیا کی پوتری کسوما وردانی سے 11-21، 18-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مکسڈ ڈبلز زمرے میں بی سومیت ریڈی اور این سکی ریڈی نے آسٹریلیائی جوڑی کائی چن تیوہ اور کائی کیو تیوہ کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ سومیت ریڈی-سکی ریڈی کا مقابلہ آخری آٹھ میں چینی جوڑی جیانگ جین بینگ اور وی یا ژن سے ہوگا۔
روتاپرنا پانڈا اور شویتاپرنا پانڈا بھی خواتین کے ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں باہر ہو گئیں۔ وہ ملائیشیا کے لائی پی جینگ اور لم چیو سین سے 27 منٹ میں 5-21، 9-21 سے ہار گئیں۔