نئی دہلی 11جون:مرکز میں نئی مودی حکومت تشکیل پا گئی ہے اور کابینہ میں شامل لیڈروں کے نام بھی سامنے آ چکے ہیں۔ اس درمیان راہل گاندھی نے این ڈی اے کابینہ میں شامل ناموں پر تلخ تبصرہ کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں نئی کابینہ کو ’این ڈی اے کا پریوار منڈل‘ قرار دیا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ کے ساتھ ایک پوسٹر بھی شیئر کیا ہے جس میں ان وزراء کے نام لکھے گئے ہیں جن کے والد یا کنبہ کے دیگر اراکین پہلے ہی سیاست میں قدم رکھ چکے ہیں۔ ان میں کئی لیڈران تو ایسے ہیں جن کے والد وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔ دراصل پی ایم مودی اور بی جے پی کے دیگر سرکردہ لیڈران اقربا پروری کے خلاف لگاتار آواز اٹھاتے رہے ہیں، لیکن خود مودی کابینہ میں کئی ایسے وزراء شامل ہیں جو خاندانی سیاست کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’نسلوں کی جدوجہد، خدمت اور قربانی کی روایت کو اقربا پروری کہنے والے اپنے سرکاری کنبہ کو اقتدار کی وصیت تقسیم کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’اسی کتھنی اور کرنے کے فرق کو نریندر مودی کہتے ہیں۔‘