لکھنو11جون: اتر پردیش میں اس بار عیدالاضحیٰ کی نماز سڑکوں پر نہیں پڑھی جائے گی اور قربانی صرف مخصوص جگہوں پر ہی کی جا سکے گی۔ اس کے ساتھ ہی ممنوعہ جانوروں کی قربانی پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ اس ضمن میں یوپی اقلیتی کمیشن نے ہدایات جاری کی ہیں۔ اتر پردیش سمیت پورے ملک میں 17 جون کو عیدالاضحیٰ کا تہوار ہے۔ اس کے حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ سڑکوں پر کسی بھی قسم کی نماز نہیں پڑھی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی جانوروں کی قربانی صرف مقررہ جگہوں پر ہوگی۔ اس کے لیے ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اشفاق سیفی نے ضروری کارروائی کے لیے محکمہ داخلہ اور محکمہ شہری ترقی کے پرنسپل سکریٹری کو خط لکھا ہے۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق یوپی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اشفاق سیفی کی جانب سے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ اس بار نماز کے لیے سڑکوں پر جگہ نہیں ہوگی۔ مساجد میں مختلف جماعتوں میں نماز ادا کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ اس کے علاوہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی پر کڑی نگرانی رکھنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں اور قربانی کی جگہوں کے حوالے سے بھی احکامات دیے گئے ہیں۔