دیوریا، 9 جون (یو این آئی) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اتوار کو نیو یارک میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ کے تعلق سے اتر پردیش کے دیوریا میں لوگوں میں زبردست جوش و خروش ہے۔ نیویارک میں اتوار کی شام 8 بجے شروع ہونے والے میچ کے لیے سدھا پیٹھ ہنومان مندر میں ہندوستان کی جیت کے لیے ہون اور پوجا کی گئی اور دیوریا اسٹیڈیم میں کرکٹ شائقین نے ہندوستان کی جیت کے لیے بھگوان سے آشیرواد مانگا۔ اسی طرح ہر طرف ہندوستان کی جیت کی دعائیں کی جاری ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کے پیش نظر لوگ اپنے گھریلو کام وقت سے پہلے ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ وہ آج شام میچ کاآرام سے لطف لے سکیں۔اس میچ کا جوش ایسا ہے کہ بزرگ، خواتین اور بچے میچ کے تعلق سے کافی پرجوش ہیں۔ ساتویں جماعت میں پڑھنے والے نشانک دویدی کا کہنا ہے کہ آج کے میچ میں روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے بلے پاکستان کے گیند بازوں پر تہلکہ مچائیں گے اور ہندوستان شاندار فتح درج کرے گا۔کرکٹ شائق بزرگ راماشنکر چترویدی (85) کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ہندوستان پاکستان پر حاوی ہے اور ہندوستان اس میچ میں ایک بار پھر پاکستان پر فتح درج کرے گا۔ پیشے سے وکیل سنیل سریواستو کا کہنا ہے کہ آج کے میچ کو دیکھتے ہوئے وہ رات 8 بجے سے پہلے کیس کی فائلیں تیار کر لیں گے۔ کیونکہ آج شام آٹھ بجے انڈیا اور پاکستان کا میچ دیکھنا ہے۔گھریلو خاتون کالندی دوبے کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج کے میچ میں ہندوستان کی جیت کے لیے بھگوان سے پرارتھنا کی ہے اور ہندوستان یہ میچ ضرور جیتے گا۔ دیوریا کے سینئر صحافی ایم پی وشارد کا کہنا ہے کہ پاکستان آج کے میچ میں بڑی جیت درج کرے گا، ان کا خیال ہے کہ پاکستانی ٹیم ہندوستان کے خلاف ذہنی دباؤ میں ہے اور یہ بات پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے بھی کہی ہے۔ کروڑوں ہندوستانیوں کی دعائیں ہماری ٹیم کے ساتھ ہیں۔ ہندوستان یہ میچ جیتے گا۔