باربڈوس 9 جون (یو این آئی) آسٹریلیا کے کھلاڑیوں نے طوفانی انداز میں بلے بازی اور اس کے بعد شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہفتہ کو ٹی-20 ورلڈ کپ کے 17ویں میچ میں انگلینڈ کو 36 رن سے شکست دے دی۔202 رن کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کو فل سالٹ اور جوس بٹلر کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز فراہم کیا۔ انگلینڈ کا پہلا وکٹ آٹھویں اوور میں 23 گیندوں پر سالٹ (37) کی صورت میں گرا۔ 10ویں اوور میں کپتان جوس بٹلر بھی 28 گیندوں پر 42 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد مسلسل وکٹ گرنے سے انگلینڈ کے رن کی رفتار بھی سست پڑ گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے بٹلر نے سب سے زیادہ 42 رن بنائے۔ معین علی 25 رن اور لیام لیونگسٹن 15 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہیری بروک 20 رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر صرف 165 رن بنا سکی اور 36 رن سے میچ ہار گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے 2-2 وکٹ حاصل کئے۔ اس کے علاوہ جوش ہیزل ووڈ اور مارکس اسٹونیس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل ٹریوس ہیڈ (34) اور ڈیوڈ وارنر (39) کی شاندار شروعات کے بعد مچل مارش (35)، گلین میکسویل (28) اور مارکس اسٹائنس (30) کی تیز اننگز کی مدد سے آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مقا بلے میں ہفتہ کو انگلینڈ کے خلاف سات وکٹوں پر 201 رن بنائے۔کینسنگٹن اوول میں انگلینڈ کے خلاف ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے آنے والی ہیڈ اور وارنر کی جوڑی نے جارحانہ آغاز کیا اور پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور میدان کے چاروں طرف تیزی سے رن بنانے شروع کردیئے۔ وارنر نے محض 16 گیندوں پر دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے اپنی اننگز مکمل کی۔ اننگز کے پانچویں اوور میں وہ معین علی کی گیند پر چوکا لگانے کی کوشش میں کلین بولڈ ہو گئے۔ اگلے ہی اوور میں ہیڈ کا وکٹ بھی گر گیا۔ انہیں جوفرا آرچر نے بولڈ کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے کپتان مارش اور میکسویل نے 65 رن کی ایک اور شاندار شراکت داری کی۔ مارش کو لیونگسٹن نے اور میکسویل کو راشد نے آؤٹ کیا۔ اسٹائنس نے 17 گیندوں کی اپنی اننگز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ وہ جارڈن کا شکار بنے۔ آسٹریلیا نے اننگز کے آخری اوور میں پیٹ کمنز کا وکٹ بھی گنوادیا جس کی وجہ سے اسے 201 رن پر ہی اکتفاف کرنا پڑا۔انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے دو وکٹ حاصل کئے۔