کمپالا، 8 جون (یو این آئی) میزبان یوگانڈا نے جمعہ کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر کے گروپ جی میچ میں بوتسوانا کو 1-0 سے شکست دے دی۔ منڈیلا نیشنل اسٹیڈیم میں 30 ہزارناظرین کے سامنے متبادل کھلاڑی محمد شعبان نے میچ کے 74ویں منٹ میں واحد گول کر کے اپنی ٹیم کو سنسنی خیز فتح دلائی۔ شعبان نے ایک اور متبادل ڈینس اومیدی کے کراس کا فائدہ اٹھایا اور گیند کو بوتسوانا کے گول پوسٹ میں پہنچا دیا۔
پہلے ہاف میں اسٹرائیکر فہاد بائیو اور اسٹیون مک والا نے یوگانڈا کرینس کے لیے گول کرنے کے چند اچھے مواقع گنوا دئیے۔ ہاف ٹائم کے بعد بوتسوانا کے لئے ونسنٹ سیسی تھابانگ کا شاٹ بھی ہدف سے چوک گیا۔ برتری حاصل کرنے کے بعد ہوم ٹیم کے فارورڈز شعبان، راجرز ماٹو اور بوبوسی بیاروہنگا نے مسلسل حملوں سے بوتسوانا کو پریشان رکھا، جبکہ یوگانڈا کے لئے ڈیبیو کرنے والے ڈیفنڈر ایلیو کیپراڈوسی دیوار بن کر کھڑے رہے۔ انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ یوگانڈا کرینس کے کوچ پال پوٹ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ٹیم نے بہت اعتماد کے ساتھ کھیلا اور میچ جیتنے کے لیے گول کیا۔ ہمیں بہتر کرتے رہنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک ٹیم کے طور پر بنائے گئے اسکورنگ کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔ بوتسوانا کے کپتان ڈتھوکوے تھاٹایون نے کہا کہ یہ ان کے جیتنے کا دن نہیں تھا۔
ہم نے اچھا کھیلنے کی کوشش کی اور یوگانڈا کی ٹیم کو دوررکھنے کی کوشش کی لیکن پیچھے کی ایک غلطی ہمیں مہنگی پڑی،” ۔ یوگنڈا گروپ جی میں چھ پوائنٹس کے ساتھ الجیریا اور بینن کے پیچھے تیسرے نمبر پر آگیا جن کے بھی چھ پوائنٹس ہیں لیکن گول کا فرق بہتر ہے۔ یوگانڈا کا اگلا مقابلہ اسی اسٹیڈیم میں 10 جون کو 2019 کے افریقی چیمپئن الجیریا سے ہوگا۔