ڈلاس، 08 جون (یو این آئی) سری لنکا کو کھیل کے ہر شعبے میں بونا ثابت کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے ہفتہ کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں اسے دو وکٹوں سے شکست دے دی۔ گرینڈ پرائری اسٹیڈیم میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے نو وکٹ پر 124 رن بنائے جس کے جواب میں بنگلہ دیش نے 125 رن کا ہدف چھ گیندیں باقی رہتے آٹھ وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں سری لنکا کے خلاف بنگلہ دیش کی یہ پہلی جیت ہے۔
گروپ ڈی میں اتار چڑھاؤ والے اہم میچ میں سری لنکا ایک وقت میں چار وکٹوں پر 100 رن بنا کر مضبوط اسکور کی جانب گامزن تھا لیکن رشاد حسین (22 رن کے عوض 3 وکٹ) نے اننگز کے 15ویں اوور میں مسلسل دو گیندوں پر چارتھ اسالنک (19) اور کپتان وینندو ہسرنگا (0) کے وکٹ لے کر سری لنکا کو بڑا جھٹکا دیا، جب کہ اپنے اگلے اوور میں انہوں نے دھننجے ڈی سلوا (21) کو آؤٹ کیا، جس کے بعد سری لنکا کی اننگز تیزی سے سمٹتی گئی اور اس کے لوور آرڈر کے پانچ کھلاڑی اپنی ٹیم کے اسکور میں صرف 24 رن کا اضافہ کرسکے۔ا رشاد حسین کے علاوہ مستفیض الرحمان (17 رن کے عوض 3 وکٹ) نے سری لنکا کو ابتدائی جھٹکے دیے اور رفتار پکڑنے کا موقع نہیں دیا۔ تسکین احمد نے دو وکٹ حاصل کیں۔ پتھم نسانکا (47) نے تاہم ایک اینڈ پکڑ کر بنگلہ دیش کے گیند بازوں کا سخت امتحان لیا۔ انہوں نے 28 گیندوں کی اپنی مختصر اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش صرف 28 رن پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد جدوجہد کی حالت میں آگئی تھی لیکن توحید ہردوئے (40) اور لٹن داس (36) نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سری لنکن گیندبازوں کو شکست دی۔ توحید نے صرف 20 گیندوں میں 200 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کی اور چار چھکے لگائے۔ وہ ہسرنگا کی گیند پر آؤٹ ہوئے، دوسرے سرے پر داس بھی ہسرنگا کا 108 واں شکار بنے، جس کے ساتھ ہی ہسرنگا نے ٹی 20 کیریئر میں اپنے سینئر لست ملنگا کی سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
اننگز کے 18ویں اوور میں نووان تھشارا نے مسلسل دو گیندوں پر رشاد حسین اور تسکین احمد کو آؤٹ کر کے میچ میں جوش و خروش پیدا کر دیا تھا لیکن آخری دو اوور میں درکار 12 رن محمود اللہ (16 ناٹ آؤٹ) نے 19ویں اوور میں بناکر جیت کا راستہ ہموار کیا۔