نئی دہلی، 9 جنوری (یو این آئی) اولمپک میں دو بار تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو اور دنیا کے آٹھویں نمبر کے بیڈمنٹن کھلاڑی ایچ ایس پرنائے 13 سے 19 فروری تک ملائیشیا کے شاہ عالم میں ہونے والی بیڈمنٹن ایشیا ٹیم چیمپئن شپ 2024 میں ایک مضبوط ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ پی وی سندھو گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے چار ماہ تک کورٹ سے باہر رہنے کے بعد اس چمپئن شپ میں بیڈمنٹن ٹیم میں واپس آئی ہیں۔ 16 سالہ انمول کھرب، سینئر ویمنز سنگلز نیشنل چیمپئن، بیڈمنٹن ایشیا جونیئر چیمپئن شپ میڈلسٹ تنوی شرما اور اشمیتا چلیہا کے ساتھ خواتین کے سنگلز زمرے میں دیگر ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں۔ترشا جولی-گایتری گوپی چند خواتین کے ڈبلز زمرے میں مقابلہ کریں گی۔ باقی دو جوڑیوں میں گوہاٹی ماسٹرز 2023 کی چیمپئن اشونی پونپا-تنیشا کرسٹو کے ساتھ دفاعی سینئر قومی چیمپئن پریا دیوی کونجینگ بام-شروتی مشرا شامل ہیں۔ایچ ایس پرنائے مردوں کی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ دولت مشترکہ کھیلوں کے گولڈ میڈلسٹ لکشیا سین، سابق عالمی نمبر 1 کدامبی سری کانت اور حال ہی میں سینئر قومی چیمپئن چراغ سین ٹیم میں دیگر مردوں کے سنگلز کھلاڑی ہیں۔ ساتوک سائراج رنکی ریڈی-چراغ شیٹی مردوں کے ڈبلز کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ سابق عالمی نمبر 1 جوڑی کو سینئر قومی چیمپئن جوڑی سورج گولا-پرتھوی رائے اور دھرو کپیلا-ایم آر ارجن کا ساتھ ملے گا۔بیڈمنٹن ایشیا ٹیم چیمپئن شپ کے لیے مردوں کی ٹیم: ایچ ایس پرنائے، لکشیا سین، کدامبی سری کانت، چراغ سین، ساتوک سائراج رینکی ریڈی، چراغ شیٹی، دھرو کپیلا، ایم آر ارجن، سورج گولا اور پرتھوی رائے۔خواتین کی ٹیم: پی وی سندھو، انمول کھرب، تنوی شرما، اشمیتا چلیہا، ترشا جولی، گایتری گوپی چند، اشونی پونپا، تنیشا کرسٹو، پریا دیوی کونجینگ بام اور شروتی مشرا۔