چندربابو نائیڈو اب 9 جون کی جگہ 12 جون کو لیں گے آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا ہدف

0
12

حیدرآباد 6جون: ٹی ڈی پی (تیلگو دیشم پارٹی) چیف چندرابابو نائیڈو آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا جلد ہی حلف لینے والے ہیں۔ حلف برداری کے لیے 9 جون کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، لیکن اب اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔ تازہ جانکاری کے مطابق اب وہ 12 جون کو وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چندرابابو نائیڈو کی حلف برداری تقریب سے متعلق تاریخ میں تبدیلی کی گئی کیونکہ نریندر مودی بھی جلد ہی وزیر اعظم عہدہ کا حلف لینے والے ہیں۔ پی ایم مودی نے بدھ کے روز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو اپنا استعفیٰ نامہ سونپ دیا تھا۔ یہ استعفیٰ صدر جمہوریہ نے منظور بھی کر لیا اور ساتھ ہی نئی حکومت کی تشکیل تک کارگزار وزیر اعظم بنے رہنے کی گزارش کی تھی۔ بہرحال، چندرابابو نائیڈو ایک طرف آندھرا پردیش میں حکومت تشکیل دینے کی تیاری کر رہے ہیں، اور دوسری طرف وہ مرکزی حکومت کی تشکیل میں ’کنگ میکر‘ بن کر سامنے آئے ہیں۔ این ڈی اے نے لگاتار تیسری مرتبہ اکثریت حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا ہے۔ حالانکہ بی جے پی اس مرتبہ لوک سبھا انتخاب میں تنہا اکثریت حاصل کرنے سے محروم رہ گئی۔ اسے 240 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں جو کہ جادوئی نمبر سے 32 کم ہے۔جہاں تک آندھرا پردیش اسمبلی انتخاب کا سوال ہے، ٹی ڈی پی 135 سیٹیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بنی ہے۔ یہاں جَن سینا نے 21 اور بی جے پی نے 8 سیٹوں پر قبضہ کیا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس محض 11 سیٹوں پر کامیابی حاصل کر سکی ہے۔