یہ ہندوستان کا سب سے بڑا گھوٹالہ راہل نے اسٹاک مارکیٹ کی کرونولاجی سمجھاتے ہوئے جے پی سی جانچ کا کیا مطالبہ

0
18

نئی دہلی 6جون: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انھوں نے نریندر مودی اور امت شاہ کے ذریعہ انتخاب سے قبل کئی بار شیئر مارکیٹ خریدنے اور شیئر بازار کے ریکارڈ سطح تک پہنچنے کی بات پر سوال اٹھائے ہیں۔ راہل گاندھی نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پہلی بار بی جے پی لیڈران نے شیئر بازار کو لے کر انتخاب سے قبل بیان دیا تھا۔ پھر وہ نریندر مودی ہوں یا امت شاہ ہوں… اس بات کو دہراتے رہے کہ شیئر بازار ریکارڈ بنائے گا۔ دوسری طرف نیوز چینل نے غلط ایگزٹ پول جاری کیا، حالانکہ بی جے پی کو پتہ تھا کہ بذات خود اکثریت حاصل نہیں کر پائے گی۔ باوجود اس کے غلط ایگزٹ پول ریلیز کیا گیا۔ پھر ہوا وہی جس کے سبب 3 جون کو شیئر بازار دوڑتا ہوا نظر آیا، لیکن 4 جون کو وہ تباہ ہو جاتا ہے۔ راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کے دوران شیئر بازار کا ایک گراف بھی دکھایا اور کہا کہ یہی وجہ ہے (مودی-شاہ کے بیانات) جو لوگوں نے کروڑوں روپے لگائے ، اور پھر لوگوں کو 30 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ راہل گاندھی نے اسے ہندوستان کا سب سے بڑا گھوٹالہ قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی اس سلسلے میں جے پی سی (جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی) جانچ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔