نیویارک، 06 جون (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ میچ میں لگنے والی چوٹ معمولی ہے اور ہم پاکستان کے خلاف بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔آئرلینڈ کے خلاف آٹھ وکٹوں کی جیت کے بعد روہت شرما نے اپنی انجری کے بارے میں کہاکہ ’’یہ ایک معمولی چوٹ ہے۔ یہ ایک نیا میدان ہے۔ ہم دیکھنا چاہتے تھے کہ یہ پچ کیسی ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ دوسری اننگز میں پچ آسان ہوگئی تھی۔ پچ پر گیند بازوں کو کافی مدد ملی۔ ارشدیپ دائیں ہاتھ کے بلے بازوں کے لیے گیند کو اندر لا سکتے ہیں۔ وہاں سے ہمیں اچھی لے ملی۔ ایسے حالات میں آپ کو اپنی بنیادی باتوں پر قائم رہنا چاہیے۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہم چار اسپنرز کے ساتھ اس گراؤنڈ پر کبھی نہیں جائیں گے۔ اگر پچ تیز گیند بازوں کے لیے سازگار ہے تو ہم انہیں ٹیم میں شامل کریں گے۔ جیسے جیسے یہ ٹورنامنٹ آگے بڑھے گا، ہمارے اسپنرز کھیل میں آئیں گے۔ مجھے امید ہے کہ ہم پاکستان کے خلاف بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
پلیئر آف دی میچ کا اعزاز پانے والے فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ نے کہا کہ آج جب ہم باؤلنگ کرنے آئے تو گیند سیمنگ کر رہی تھی اور اس میں اچھا باؤنس بھی نظر آ رہا تھا۔ حالات ایسے رہے تو کبھی شکایت نہیں کروں گا۔ ٹی-20 کرکٹ میں آپ کو ہمیشہ اچھی تیاری کرنی ہوتی ہے۔ آپ وکٹ کو دیکھتے ہیں اور پھر منصوبہ بناتے ہیں کہ آپ کس طرح بولنگ کرنا چاہتے ہیں۔ آپ کو کسی بھی قسم کی صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ میں آج کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں۔