پروویڈنس، 6 جون (یو این آئی) گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد ریاست علی شاہ (33) کی صبر آزما اننگز کی بنیاد پر یوگانڈا نے ٹی -20 ورلڈ کپ کے نویں میچ میں پاپوا نیو گنی کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی جیت درج کی ہے۔گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں یوگانڈا نے ٹاس جیت کر بالنگ کا فیصلہ کیا۔ یوگانڈا کے بالرز نے کپتان برائن مسابا کے فیصلے کو درست ثابت کیا اور پاپوا نیو گنی کے کسی بلے باز کو ٹکنے نہیں دیا۔ پاپوا نیو گنی کے بلے باز لگاتار وقفوں سے یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے گئے۔ کپتان اسد والا (1)، ٹونی اورا (0)، سیس باؤ (5)، لیگا سیاکا (12)، ہیری ہیری (15)، چارلس امینی (5)، کپلن ڈوریگا (12)، چاڈ سوپر (4)، نارمن (4) وانوا (5) اور ایلی ناؤ (5) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پاپوا نیو گنی کی پوری ٹیم 19.1 اوور میں 77 کے معمولی اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔یوگانڈا کی جانب سے الپیش رامجنی، کوسماس کیوتا، جمعہ میاجی اور فرینک نوسوبوگا نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ برائن مسابا نے ایک وکٹ حاصل کیا۔سست پچ پر 78 رن کا چھوٹا ہدف یوگانڈا کے لیے آسان نہیں تھا۔ یوگانڈا کی شروعات اچھی نہیں تھی اور پاور پلے میں ہی اس نے چار وکٹ گنوا دیئے۔ الپیش رامجنی (8) چھٹے اوور میں رن بناکر دنیش نکرانی (0) پویلین لوٹ گئے۔ ریاست علی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے جمعہ میاجی کے ساتھ 35 رن کی اہم شراکت داری کی۔ جب جمعہ میاجی رن آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 13.5 اوورز میں 6 وکٹوں پر 61 رن تھا اور ٹیم کو جیت کے لیے 17 رن درکار تھے۔ یوگانڈا کو جیت کے لیے تین رنوں کی ضرورت تھی، اس دوران ریاست علی کو نارمن وانووا کی گیند پر تھرڈ مین جان کیریکو کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ریاست علی نے 33 رن کی اہم اننگز کھیلی۔
کینتھ ویساوا (7) رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ یوگانڈا نے 18.2 اوورز میں سات وکٹوں پر 78 رن بنانے کے بعد یہ میچ تین وکٹوں سے جیت لیا۔پاپوا نیو گنی کی جانب سے اولیئی ناؤ اور نارمن وانوا نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ چاڈ سوپر اور اسد والا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔