نئی دہلی3جون: ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے حال ہی میں ایک بیان دیا ہے کہ لاکھوں ڈالر کے گھوٹالوں میں شامل نیرو مودی، میہل چوکسی اور وجئے مالیا اس لیے ملک سے فرار ہونے میں کامیاب رہے کیونکہ جانچ ایجنسیاں انھیں مناسب وقت پر گرفتار کرنے میں ناکام رہیں۔ اسپیشل جج ایم جی دیشپانڈے نے انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت ملزم کی ضمانت کی شرطوں میں تبدیلی کے مطالبہ والی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔ دراصل عدالت نے 29 مئی کو منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں ملزم ویومیش شاہ کی اس عرضی کو منظور کر لیا تھا جس میں اس نے بیرون ملک سفر کے لیے عدالت سے پیشگی اجازت سے متعلق ضمانت شرط کو واپس لینے کی گزارش کی تھی۔ اس معاملے میں تفصیلی حکم حال ہی میں دستیاب کرایا گیا۔ اس معاملے میں ای ڈی نے دلیل دی تھی کہ ویومیش شاہ کی درخواست کو منظور کرنے سے نیرو مودی، وجئے مالیا اور میہل چوکسی جیسے معاملوں کا اضافہ ہوگا۔ حالانکہ جانچ ایجنسی کی دلیل کو خارج کرتے ہوئے جج نے کہا کہ ’’میں نے اس دلیل پر غور کیا اور یہ غور کرنا ضروری سمجھا کہ یہ سبھی لوگ اس لیے فرار ہو گئے کیونکہ متعلقہ جانچ ایجنسیاں انھیں مناسب وقت پر گرفتار نہیں کر پائیں۔‘‘