راکیش ٹکیت نے ووٹوں کی گنتی سے پہلے ای وی ایم پر اٹھائے سوال

0
11

نئی دہلی 2جون: بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے ایگزٹ پول کے رجحانات کو لے کر لب کشائی کی ہے۔ ووٹوں کی گنتی سے پہلے آنے والے ایگزٹ پول کے تعلق سے ای وی ایم پر سوال اٹھاتے ہوئے راکیش ٹکیت نے کہا کہ ای وی ایم میں بیٹری یا سیل ڈال سارا ’کرم کانڈ‘ (دھاندلی) ہوتا ہے۔ اتر پردیش کے باغپت ضلع کے دورے پر پہنچے کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا کہ اس ملک میں ایگزٹ پول کیا کرے گا، جس کا بادشاہ نجومی اور ڈکٹیٹر ہو۔ ایگزٹ پول بھی بادشاہ کی ہی زبان میں بات کرے گا۔ یہ لوگ 400 پار بول رہے ہیں یعنی مکمل پلاننگ تیار ہے۔ راکیش ٹکیت نے ای وی ایم پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پہلے تمام انتظامات کر لئے جاتے ہیں۔ یہ ’کرم کانڈ‘ ای وی ایم میں بیٹری یا سیل ڈال کر کیا جاتا ہے۔ لوگ بی جے پی کو ووٹ نہیں دے رہے، پھر بھی ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے کہ صرف پی ایم مودی جیت رہے ہیں۔ یہ مہارت اور ریاضی آخر کیا ہے؟ بھارتیہ کسان یونین کے رہنما نے کہا کہ میں نے اسمبلی انتخابات میں دیکھا کہ جیتنے والے امیدواروں کو ہرانے کے لیے کس طرح کام کیا گیا۔ بی جے پی نے اسمبلی انتخابات میں 80 سے 90 سیٹیں جیتی تھیں لیکن 255 ایم ایل اے کو جیت کا سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ ٹکیت نے اسی طرز پر عام انتخابات میں بھی ووٹوں کی گنتی میں دھاندلی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔