بنکاک، 02 جون (یو این آئی) ٹوکیو اولمپئین امت پنگھل (مردوں کے 51 کلوگرام) اور جیسمین لمبوریا (خواتین کے 57 کلوگرام) نے اتوار کو ورلڈ اولمپک باکسنگ کوالیفکیشن ٹورنامنٹ کے آخری دن پیرس اولمپک کوٹہ حاصل کرلیا۔ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں منعقدہ ایونٹ میں دفاعی کامن ویلتھ گیمز کے چیمپئن امیت پنگھل نے کوارٹر فائنل میں چین کے لیو چوانگ کے خلاف اپنی عمدہ چالوں، جیبس اور اپر کٹ سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور متفقہ فیصلے کے ساتھ 5-0 سے کامیابی حاصل کی۔ ایونٹ میں چوانگ نے پہلے راؤنڈ میں برتری حاصل کی تاہم ہندستانی قومی چیمپئن نے دوسرے راؤنڈ میں برتری حاصل کرنے کے لیے جارحانہ انداز جاری رکھا۔ فیصلہ کن میچ میں امیت پنگھل نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندستان کے لئے کوٹہ حاصل کیا۔ دریں اثنا، جیسمین لمبوریا نے خواتین کے 57 کلوگرام میں مالی کی میرین کیمارا کو 5-0 سے شکست دے کر ہندوستان کا کوٹہ دوبارہ حاصل کیا۔ پیرس 2024 اولمپکس کے لیے یہ ہندوستان کا چھٹا باکسنگ کوٹہ تھا۔ اس سے قبل ہندستان کو خواتین کے 57 کلوگرام کوٹہ سے دستبردار ہونا پڑا جو پروین ہڈا نے جیتا تھا کیونکہ انہیں ایک جگہ ناکامی کی وجہ سے معطل کردیا گیا تھا۔