اسٹاوینجر (ناروے)، 2 جون (یو این آئی) ناروے شطرنج 2024 میں بھائی بہن کی جوڑی آر پرگنانند اور آر ویشالی نے اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کے راؤنڈ 5 میں اہم پوائنٹس حاصل کیے۔اسپیئر بینک 1، ایس آر-بینک میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں ایک دن کے آرام کے بعد ویشالی نے ناروے شطرنج خواتین کے ٹورنامنٹ میں آرماجیڈن ٹائی بریکر میں جی ایم لئی ٹنگجی کو شکست دے کر اپنی برتری برقرار رکھی، جب کہ پرگنانندا نے عالمی نمبر 2 فابیانو کاروانا کو شکست دے کر مقابلے میں اپنی دوسری کلاسک جیت درج کی۔دریں اثناء ناروے شطرنج کے مین ایونٹ میں ہیکارو ناکامورا نے عالمی چیمپئن ڈنگ لیرین پر جیت کے بعد اپنی برتری کو بڑھا دیا۔ نو سالوں میں پہلی بار، لیرن کومسلسل تیسری مرتبہ شکست دینے والے ناکامورا کو 2800 سے زیادہ ریٹنگ دی گئی ہے۔ایک اور سنسنی خیز مقابلے میں، میگنس کارلسن نے کلاسیکل گیم میں علی رضا فیروزہ کو شکست دی۔ کارلسن کل نو پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ میں ناکامورا سے صرف ایک پوائنٹ پیچھے ہیں جب کہ پراگ 8.5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔اینا موزیکچک نے خواتین کے ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کلاسیکی جیت درج کی۔