ساحل نے جیولین تھرو، ہرشیتا نے ہیمر تھرو اور دھنویر نے شاٹ پٹ ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا

0
12

اسٹینڈل 2 جون (یو این آئی) ہندوستانی ایتھلیٹ ساحل سلوال نے ونکل مین گیمز 2024 ایتھلیٹکس میٹ میں مردوں کے جیولن تھرو مقابلے میں، ہرشیتا سہراوت نے خواتین ہیمر تھرو میں اور دھنویر سنگھ نے مردوں کے شاٹ پٹ مقابلے میں طلائی تمغے جیتے۔ہفتہ کوجرمنی کے اسٹینڈل میں اسٹیڈین ایم گالزنبرگ میں 23 سالہ ساحل نے اپنی چوتھی کوشش میں 75.36 میٹر کی بہترین کوشش کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ ہم وطن وکرانت ملک نے اپنی تیسری کوشش میں 72.65 میٹر کے تھرو کے ساتھ چاندی اور جرمنی کے اولے اسٹرزک نے 45.85 میٹر کے تھرو کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز چیمپئن وکرانت نے اپنی تیسری کوشش میں 70 میٹر کا ہندسہ عبور کرنے سے پہلے اپنی دوسری کوشش میں 68.91 میٹر کے تھرو کے ساتھ برتری حاصل کی۔ تاہم، وکرانت کی برتری زیادہ دیر نہیں چل سکی کیونکہ ساحل اپنی چوتھی کوشش میں 75.36 میٹر تھرو کرنے میں کامیاب رہے۔ وکرانت نے اپنی آخری تین کوششوں میں لگاتار 72 میٹر سے زیادہ کا تھرو ریکارڈ کیا، لیکن وہ اپنے ہم وطن کو ٹاپ پوزیشن سے ہٹانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ساحل اور وکرانت نے پچھلے مہینے سلووینیا میں پیٹریکا کیویٹانا میں میموریل میٹیکا سسٹرسیکا میں بھی اسی طرح پہلے اور دوسرے مقام پر فنش کیاتھا۔دریں اثنا، دھنویر سنگھ نے اپنی آخری کوشش میں 18.62 میٹر تھرو کے ساتھ مردوں کے شاٹ پٹ مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا۔ہرشیتا سہراوت نے خواتین کے ہیمر تھرو میں 57.39 میٹر کی دوری کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔ اس نے اپنی ہم وطن تانیا چودھری کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہیں اپنی آخری کوشش میں 57.08 میٹر تھرو کے ساتھ چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہرشیتا نے اس سیزن میں چار مرتبہ ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے، جس میں گزشتہ ماہ بھونیشور میں فیڈریشن کپ میں بھی پہلا مقام شامل ہے۔ دریں اثنا، تانیا تمام چار مقابلوں میں ہرشیتا کے بعد دوسرے نمبر پر رہیں۔