نئی دہلی، 31 مئی (یو این آئی) آج ہندوستانی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی کامیابیوں اور صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، چاہے وہ کھیل ، تعلیم یا پھر سیاست ہو۔کھیلوں سے متعلق بھی ہندستانی خواتین کسی سے کم نہیں۔ بے شک ہندوستان میں بہت سی ایسی خواتین ہیں جنہوں نے کھیلوں کی دنیا میں اپنی منفرد شناخت بنائی ہے۔ کرنم ملیسوری بھی ان خواتین میں سے ایک ہیں۔ کرنم ملیسوری غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک ہیں جنہوں نے سخت محنت کے ذریعے خود کو ایک مکمل اور شاندار ویٹ لفٹر ثابت کیاہے۔انہوں نے اپنی صلاحیتوں اوربہترین پرفارمینس سے سب کو حیران کر دیا ہے۔کرنم مالیشواری کا نام بھی ان ہندوستانی خواتین میں خاص طور پر لیا جاتا ہے جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ویٹ لفٹنگ میدان میں اپنا نام روشن کیا ہے۔کرنم ملیسوری آندھرا پردیش میں سریکاکولم کے قریب ووسوانی پیٹا نامی گاؤں میں یکم جون 1975 میں پیدا ہوئیں۔ ان کو بچپن سے ہی ویٹ لفٹنگ کا شوق تھا۔ ملیسوری نے 12 سال کی عمر میں ویٹ لفٹنگ شروع کی اور اپنے خاندان اور ٹرینرز سے بہترین تربیت حاصل کرکے اچھی حوصلہ افزائی حاصل کی۔ انہوں جلد ہی بڑے میدان میں مقابلہ کرنے سے پہلے ویٹ لفٹنگ سے وابستہ مختلف تکنیکیں سیکھنا شروع کر دیں۔ کرنم نے کم عمری میں ہی مقامی مقابلوں اور ٹورنامنٹس میں حصہ لینا شروع کر دیا تھا۔ جس نے وقت کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی میچوں میں ان کا اعتماد بڑھا دیا۔جب وہ محض 15 برس کی تھیں تو انہوں نے 50 کلوگرام زمرے میں 140 کلو وزن اٹھا کر تین قومی ریکارڈ بنائے۔