نیو یارک میں ہند۔پاک میچ سے قبل سکیورٹی بڑھا دی گئی

0
14

نیویارک، 30 مئی (یو این آئی) ٹی -20 ورلڈ کپ میں حملے کے خطرے کے پیش نظر 9 جون کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے آئزن ہاور پارک اسٹیڈیم کی سیکورٹی بڑھا دی گئی۔ نیویارک اسٹیٹ گورنر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس پورے معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں۔ تاہم اب تک وہ اس حوالے سے کوئی ٹھوس ثبوت حاصل نہیں کر سکے۔ ریاستی گورنر کیتھی ہوچول نے کہاکہ “میں نے نیویارک اسٹیٹ پولیس کو حفاظتی اقدامات میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی ہے، بشمول قانون نافذ کرنے والے پولیس کی موجودگی، مناسب اور بہتر نگرانی، اور اسکریننگ کے طریقہ کار کو تیز کرنا۔ انہوں نے کہا کہ “عوامی تحفظ میری اولین ترجیح ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ کرکٹ ورلڈ کپ سب کے لیے ایک محفوظ اور پر لطف تجربہ ہو۔ مین ہٹن سے 25 میل مشرق میں واقع آئزن ہاور پارک اسٹیڈیم میں 3 سے 12 جون تک آٹھ میچ کھیلے جانے ہیں۔ نیویارک اسٹیٹ کی گورنر کیتھی ہوچول نے اشارہ دیا ہے کہ ان کی انتظامیہ گیمز کے ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مہینوں سے حکام کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا کہ نیویارک سمیت پورے ٹورنامنٹ میں ‘سخت سیکیورٹی ہوگی۔ آئی سی سی کے ترجمان نے کہاکہ “ایونٹ میں ہر کسی کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہمارے پاس ایک جامع اور مضبوط سیکورٹی پلان ہے۔ ہم اپنے میزبان ممالک میں حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں اور عالمی منظر نامے کی مسلسل نگرانی اور جائزہ لیتے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہمارے ایونٹس میں شناخت کیے گئے کسی بھی خطرے کو کم کرنے کے لیے مناسب منصوبے موجود ہیں۔واضح رہے کہ ہندوستان نیویارک میں چار میچ کھیلے گا۔ ان کا پہلا میچ 5 جون کو کینیڈا کے ساتھ ہے۔ اس کے بعد 9 جون کو پاکستان اور 12 جون کو امریکہ کے ساتھ ہوگا۔ ہندوستان کو بنگلہ دیش کے ساتھ بھی پریکٹس میچ کھیلنا ہے۔