پورٹ آف اسپین، 29 مئی (یو این آئی) آسٹریلیا نے ٹی-20 ورلڈ کپ سے قبل شروع ہونے والے پریکٹس میچ کی سیریز میں نامیبیا کو کرکٹ کا سبق پڑھاتے ہوئے ایڈم زمپا کی تین وکٹ اور ڈیوڈ وارنر کی 21 گیندوں میں شاندار نصف سنچری (54) کی بدولت 10 اوورز میں ہدف حاصل کر کے سات وکٹوں سے جیت درج کی۔منگل کی رات کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ نامیبیا کا آغاز مشکل تھا جب بیٹنگ شروع کرتے ہی جوش ہیزل ووڈ نے پہلے ہی اوور میں مائیکل وین لنگن کو صفر پر آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کے ارادوں کو واضح کر دیا۔ اس کے بعد ایڈم زمپا نے تین وکٹیں لے کر بقیہ کام تمام کردیا۔ نامیبیا کی جانب سے جین گرین نے 30 گیندوں پر سب سے زیادہ 38 رن بنائے۔ نامیبیا نے مالان کروگر (18)، کپتان ایرارڈ ایراسمس (15)، نکولس ڈیوین (14)، جے پی کوٹزی (13)، ڈیوڈ ویس (12) کی شراکت سے 20 اوورز میں نو وکٹ پر 119 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے تین وکٹ حاصل کی۔
جوش ہیزل ووڈ نے دو وکٹ حاصل کی۔ نیتھن ایلس اور ٹم ڈیوڈ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس کے جواب میں آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے پہلی وکٹ کے لیے 39 رنز کا اسکور بنایا۔ چوتھے اوور میں مچل (18) رن آؤٹ ہو گئے۔ برنارڈ شولٹز کے اگلے ہی اوور میں جوش انگلز (5) کو بولڈ کرنے کے بعد آسٹریلیائی ٹیم چوکس ہوگئی۔ وارنر اور ٹم ڈیوڈ نے فرنٹ سنبھالتے ہوئے رن کی رفتار کو کم نہیں ہونے دیا۔ ٹم ڈیوڈ 16 گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر نے 21 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ میتھیو ویڈ 12 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا نے 10 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے اور میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔ نامیبیا کی جانب سے برنارڈ شولٹز نے 16 رن کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔