کولکتہ، 27 مئی (یو این آئی) آسٹریلیا کے تیز گیند باز مچل اسٹارک مستقبل قریب میں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے سکتے ہیں۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے رکن اسٹارک نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد کہا، ’’میں نے گزشتہ نو سال آسٹریلیائی کرکٹ کو دیے ہیں۔ جب مجھے کرکٹ سے وقت ملتا تھا تو میں وہ وقت اپنی اہلیہ اور اہل خانہ کو دیتا تھا لیکن اب میں اپنے کیریئر کے آخری مرحلے پر ہوں اور فرنچائزی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ ون ڈے ورلڈ کپ ابھی بہت دور ہے، اس لیے میں ایک فارمیٹ کو چھوڑ بھی سکتا ہوں۔‘‘ اسٹارک اس سے قبل 2014 اور 2015 میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے لیے کھیل چکے ہیں۔ تاہم، بین الاقوامی کرکٹ کے لیے اپنی ترجیح کی وجہ سے، انہوں نے آئی پی ایل کے آخری چند ایڈیشنز میں دلچسپی نہیں دکھائی تھی۔ آسٹریلیائی گیند باز نے کہا کہ سچ پوچھیں تو میں نے آئی پی ایل کے اس سیزن کا بھرپور لطف اٹھایا ہے۔ اس کے بعد ہمیں ورلڈ کپ کھیلنا ہے جس کے اپنے فائدے ہیں۔ اس لیگ میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ اور ان کے خلاف کھیلنے کے بعد آپ ورلڈ کپ کے لئے بھی تیار ہوتے ہیں۔ اس طرح یہ بھی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ اگلے سال کا شیڈول کیا ہے۔