کولکتہ، 27 مئی (یو این آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آئی پی ایل ٹرافی جیتنے پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور آنے والے سالوں میں مزید ٹرافیوں کے لئے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔محترمہ بنرجی نے اتوار کی رات دیر گئے ٹویٹر پر پوسٹ کیاکہ”کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جیت کی وجہ سے پورے بنگال میں جشن کا ماحول ہے۔ میں ذاتی طور پر کھلاڑیوں، معاون عملے اور فرنچائز کو آئی پی ایل کے اس سیزن میں ان کی ریکارڈ ساز کارکردگی کے لیے مبارکباد دینا چاہتی ہوں اور آنے والے سالوں میں اس طرح کی مزید دلچسپ جیت کے لئے نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔
کے کے آر کے کپتان شریاس ایئر نے ایک پیغام میں کہاکہ “ہم نے اس لمحے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔ ہم ایک دوسرے کے لیے کھیلے ہیں، ہم نے ایک دوسرے کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں اور اس انمول ٹرافی پر ہمارا ہاتھ ہے۔ میں مالکان، انتظامیہ، کوچنگ اسٹاف، اپنے ساتھیوں اور مداحوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘واضح رہے کہ اتوار کو آئی پی ایل 2024 کے فائنل میں انہوں نے سن رائزرس حیدرآباد کو آسانی سے شکست دے کر تیسری بار ٹرافی پر قبضہ کیا۔