اینٹورپ، 27 مئی (یو این آئی) کپتان ہرمن پریت سنگھ کے لگاتار تین گول کی مدد سے ہندوستان نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2023/24 کے یورپی مرحلے کے اپنے چوتھے میچ میں ارجنٹینا کے خلاف 5-4 کی سنسنی خیز جیت حاصل کی۔ہرمن پریت نے میچ کے 29ویں، 50ویں اور 52ویں منٹ میں گول کر کے ہندوستان کی جیت کی راہ ہموار کی۔ ہندوستان کی جانب سے باقی دو گول ارجیت سنگھ ہنڈل نے ساتویں منٹ میں اور گرجنت سنگھ نے 18ویں منٹ میں کئے۔ ارجنٹائن نے ہندوستان کے ہر حملے کا جارحانہ انداز میں جواب دیا لیکن بالآخر ہندوستان جیت گیا۔ ارجنٹائن کی جانب سے فیڈریکو مونزا نے میچ کے تیسرے منٹ میں گول کر کے ابتدائی برتری دلائی جبکہ نکولس کینن نے 24ویں منٹ، تادیو ماروچی نے 54ویں منٹ اور لوکاس مارٹنیز نے 57ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔ ہندوستان نے اچھی شروعات کی اور پہلے کوارٹر کے بیشتر حصے تک گیند کو اپنے پاس رکھا۔ اس میچ میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا تال میل اس وقت کھل کر سامنے آیا جب انہوں نے درست پاسز دے کر ارجنٹینا کے اسٹرائیکنگ سرکل میں اپنی جگہ بنائی۔ تاہم، ارجنٹائن کے فیڈریکو مونزا نے میچ کے تیسرے منٹ میں قریب سے گول کر کے انہیں 1-0 کی برتری دلا دی۔ جواب میں ہندوستان نے جلد ہی اریجیت سنگھ ہنڈل کے شاندار فیلڈ گول کے ذریعے برابری کر دی۔ ایک منٹ باقی تھا کہ ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا لیکن اس کا فائدہ نہ اٹھا سکا۔ پہلا کوارٹر 1-1 سے برابری پر ختم ہوا۔ہندوستان نے دوسرے کوارٹر میں شاندار آغاز کیا۔ گرجنت سنگھ (18 منٹ) کے جارحانہ فیلڈ گول کے بعد ایک تیز جوابی حملے نے ہندوستان کو اپنی برتری بڑھانے میں مدد دی۔ گول کرنے کے بعد ہندوستان اگلے چند منٹوں میں تھوڑا الجھا ہوا تھا جس کی وجہ سے گیند پر اس کی گرفت ڈھیلی پڑ گئی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نکولس کینن نے ہندوستانی ڈیفنڈرز کو چکمہ دیتے ہوئے گیند کو گول میں بھیج کر اسکور 2-2 سے برابر کردیا۔ تاہم، ہندوستان نے ایک منٹ باقی رہ کر ایک پنالٹی کارنر حاصل کیا اور کپتان ہرمن پریت سنگھ (29 منٹ) نے کوئی غلطی نہیں کی اور اسے ہندوستان کے حق میں 3-2 کردیا۔ ہاف ٹائم تک ہندوستان ارجنٹینا پر 3-2 سے آگے تھا۔تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے تیز رفتار ہاکی کا مظاہرہ کیا اور حملے کی رفتار میں اضافہ کیا۔ ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا لیکن اسے گول میں تبدیل نہ کرسکا۔ دونوں ٹیموں کے مضبوط دفاع کی وجہ سے تیسرا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا اور اس کا اختتام 3-2 سے برابر رہا۔چوتھا کوارٹر شاندار کھیلا گیا اور ہندوستان ٹاپ گیئر میں آگیا۔ اس نے ارجنٹینا کو غلطیاں کرنے پر مجبور کیا جس کی وجہ سے دس منٹ باقی رہ کر ہندوستان کو پنالٹی کارنر مل گیا۔ کپتان ہرمن پریت سنگھ (50 منٹ) نے کم طاقتور شاٹ جال کے پیچھے ڈال دیا اور ہندوستان نے 4-2 کی برتری حاصل کی۔ دو منٹ بعد ہندوستان کو ایک اور پنالٹی اسٹروک ملا، جسے کپتان ہرمن پریت سنگھ (52 منٹ) نے ایک بار پھر کامیابی سے بدل دیا۔
ارجنٹائن نے تادیو ماروچی (54منٹ) اور لوکاس مارٹنیز (57منٹ) کے ذریعے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے کھیل کو سنسنی خیز انجام تک پہنچا دیا۔ میچ ہندوستان کی 5-4 سے فتح کے ساتھ ختم ہوا۔ہندوستانی ٹیم کا اگلا مقابلہ یکم جون کو جرمنی کے خلاف ہوگا۔