بھوپال:27مئی : ہمیں اپنے آپ کو جاننا ہے اللہ نے سب کو بنایا ہےانہوں نے سب کے اندر صلاحیتیں پیداکی ہیں اور ہمیں اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا ہے ،آپ نے مثال دیکربتایاکہ اگر آپ ٹیچر بننا چاہتے ہیں اور آپ اچھا پڑھا سکتے ہیں تو اپ کو ٹیچر ہی بننا چاہیے نہ کہ دوسروں کو دیکھ کر آپ ڈاکٹر بنیں۔آپ نے کہا ہر شخص اپنے آپ میں ایک نایاب ہیرا ہے اور اس ہیرے کو تراشنے کے لیے شہر کا مشہور ادارہ می کپس موجود ہے،آپ نےمزید کہاکہ غلطی سب سے ہوتی ہے پر عقلمند انسان اس سے سبق لیکر آگے بڑھتا ہے ۔مذکورہ بالاخیالات کااظہارآج می کیمپس میں منعقد اسکالرشپ تقسیم پروگرام میں محترم کیفی جمالی نے اسٹوڈنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔غورطلب ہے کہ مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریئر پروموشن سوسائٹی( می کیپس)کی جانب سے اسکالرشپ پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا ۔وہیںمی کیپس کے اعزازی سیکریٹری ڈاکٹر ظفر حسن نے اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ می کیپس بھوپال کا ایک ایسا تعلیمی سماجی ادارہ ہے جوگزشتہ 39 سالوں سے مسلم سماج کے ہو نہار اور محنتی طلبا کی تعلیمی رہنمائی اور مالی تعاون کے ذریعے مستقبل سنوارنے کے لیے کوشاں ہے۔ اسی سلسلے میں آج کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر جناب ڈاکٹر سید محمد محسن(چیئرمین النور ٹرسٹ) نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دوسروں کے برابر نہیں بلکہ کہیں زیادہ آگے بڑھنا چاہیے تا کہ ہمیں کوئی آگے بڑھنے سے روک نہیں پائے ۔آپ نے کہا کوئی بھی ہیرااس وقت تک ہیرا نہیں بنتا جب تک اسے تراشا نہ جائے اور آپ کو تراشنے کے لیے ڈاکٹر ظفر حسن جیسے جوہری اور می کیپس جیسا ادارہ مل گیا ہے،آپ لوگوں میںایک دوسرے کی مدد کا جذبہ بہت ضروری ہے تبھی ہم اپنے ملک اور قوم کی خدمت کر سکتے ہیں ۔ کیپٹن فرحت صدیقی نے بھی طلبہ کی کاؤنسلنگ کی اور اس موقع پرایک لاکھ چالیس ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے گئے۔