اورنگ آباد/بھبھوا، 26 مئی (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر امیت شاہ نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) لیڈر تیجسوی پرساد یادو پر طنز کرتے ہوئے آج کہا کہ چاندی کے چمچ کے ساتھ پیدا ہونے والے غریبوں کے دکھ درد کو کیا جانے۔اتوار کو کاراکاٹ لوک سبھا حلقہ کے تحت اورنگ آباد ضلع کے داؤد نگر میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدوار کے حق میں منعقدہ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے مسٹر راہل گاندھی اور مسٹر تیجسوی پرساد یادو پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ چاندی کے چمچ کے ساتھ پیدا ہونے والے غریبوں کا درد کیا جانے؟انہوں نے کہا کہ کانگریس کہتی ہے کہ پاکستان کے پاس ایٹم بم ہے۔ آج میں کاراکاٹ کی سرزمین سے راہل گاندھی جی کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نریندر مودی کے کارکن ہیں، ہم ایٹم بم سے نہیں ڈرتے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے) ہمارا تھا، ہمارا ہے اور ہمارا رہے گا۔ بہار اور جھارکھنڈ سے نکسل ازم کے خاتمے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ہم امن کی فضا کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو ایک ہی آپشن ہے کہ نریندر بھائی مودی کو ایک بار پھر ملک کا وزیر اعظم بنایا جائے۔ اس کے لیے اپیندر کشواہا کو کاراکاٹ پارلیمانی سیٹ سے کامیاب بنانا ہوگا۔مسٹر شاہ نے انڈیا اتحاد کو خود غرض لوگوں کا اتحاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ ” وہ لالو جی سے پوچھتے ہیں کہ جب وہ اتنے برسوں تک اقتدار میں تھے، تو کیا آپ نے کبھی کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن دینے کی سفارش کی تھی۔ نریندر مودی جی نے بہار کے عظیم عوامی لیڈر کرپوری ٹھاکر کو بھارت رتن دینے کا کام کیا۔ لالو جی ریزرویشن کی بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مسلمانوں کو 100 ٹکا ریزرویشن دیا جائے۔ کہاں سے دیا جائے گا، کس کا کس کا لے کر دیں گے؟ متکبر اتحاد نے بنگال، کرناٹک اور حیدرآباد میں مسلمانوں کو ریزرویشن دیا۔ پسماندہ طبقہ وہاں سے کٹ گیا۔ مسٹر مودی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے ریزرویشن پر کسی کو ہاتھ نہیں لگانے دیں گے۔