ممبئی ،26مئی( یواین آئی) ممبئی سے اللّٰہ کے مہمانوں کو پہلا قافلہآج صبح سویرے حج بیت اللہ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگیا،نعرے تکبیر اللّٰہ اکبر کے نعروں سے ممبئی کاانٹر نیشنل ایئرپورٹ گونج اٹھا،اس موقع پر حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او لیاقت علی آفاقی اور دیگر افسران اور عملے کے ارکان کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں موجود اہل خانہ نے عازمین حج کو روانہ کیا۔سی ای او لیاقت علی آفاقی کے مطابق پہلی پرواز کے ذریعہ 378 عازمین حج روانہ ہوئے ہیں جوکہ جدہ پہنچیں گے۔ مذکورہ ہوائی جہاز کی روانگی سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب میں ۲ بجے ہوئی۔ پہلے قافلے میں عازمین حج کی اکثریت ممبئی سے ہی تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ممبئی سے تقریباً 34،ہزار عازمین حج بیت اللہ کے لئے روانہ ہوں گے۔ اور یہ سلسلہ۔وسط جون تک جاری رہیگا۔
اس بار عازمین حج کوبہت الحجاج یا حج ہاؤس، محمد حاجی صابو صدیق مسافر خانہ ،تمل ناڈو بیت الحجاج اورتعطیل کی وجہ سے مشہور تعلیمی ادارہ انجمن اسلام کی عمارتوں میں ٹہرایا ہے۔ اس طرح زائد ہونے پرعازمین حج اور عمرہ دار قیام کرسکیں گے۔ حج کمیٹی کے سپرئیٹنڈنٹ حیدر پاشا نے چھترپتی شیواجی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بتایا کہ عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ 9 مئی سے شروع ہو چکا ہے۔ دہلی ،لکھنئواور سری نگر سے عازمین روانہ ہوچکے ہیں۔45 ہزار عازمین حج بیت اللہ کے لئے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہلی ، لکھنو، حیدر آباد، بنگلور اور اندور امبارکیشن پوائنٹس سے عازمین کی روانگی کا سلسلہ مکمل ہو گیا ہے۔ اس کے بعد ہی ممبئی سے روانگی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ امسال حج کمیٹی کاکوٹہ ایک لاکھ ۴۰ ہزار عازمین حج پر مشتمل ہے۔35،ہزار نجی ایجنسیوں سے جائیں گے۔