احمدآباد:25؍مئی:سنرائزرس حیدر آباد نے جمعہ کے روز کوالیفائر 2 میں راجستھان رائلس کو 36 رنوں سے ہرا کر کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف کھیلنے کے لیے آئی پی ایل فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ اب خطابی مقابلے سے پہلے آسٹریلیا کے سابق بلے باز میتھیو ہیڈن اور انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن نے پیشین گوئی کرتے ہوئے کولکاتا کو چمپئن ٹیم بتایا ہے۔ ان دونوں ہی کھلاڑیوں نے کولکاتا کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹیم انتہائی مضبوط ہے۔قابل ذکر ہے کہ کوالیفائر 1 میں کولکاتا نے احمد آباد میں حیدر آباد کو آٹھ وکٹ سے ہرا کر فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا تھا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف میچ کر رواں ٹورنامنٹ کی شروعات کی تھی اور اس میچ میں بھی کولکاتا نے چار رنوں سے جیت حاصل کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ کولکاتا زیادہ مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔بہرحال، میتھیو ہیڈن کو لگتا ہے کہ کولکاتا کی اسپن جوڑی سنیل نرائن اور ورون چکرورتی میچ میں بہت اثر ڈالیں گے۔
کولکاتا کے لیے موجودہ سیزن میں اسپنرس نے 36 وکٹ لیے ہیں۔ ہینڈن نے اس تعلق سے اسٹار اسپورٹس کرکٹ لائیو پر کہا کہ ’’مجھے پورا یقین ہے کہ کولکاتا یہاں جیتے گی۔ اس پچ پر نارائن اور چکرورتی کی بہترین اسپن سے فرق پرے گا۔‘‘دوسری طرف پیٹرسن کا کہنا ہے کہ کولکاتا کے خلاف حیدر آباد کی آخری ہار بھی فائنل میں کافی حوصلہ دے گا، لیکن پیٹ کمنس کی قیادت والی ٹیم کے خطابی مقابلہ یعنی فائنل میں پہنچنے پر انھیں خوشی ہے۔
پیٹرسن کا کہنا ہے کہ ’’احمد آباد میں سنرائزرس نے جس طرح سے شکست کا سامنا کیا، وہ مجھے پسند نہیں آیا اور مجھے لگتا ہے کہ یہ انھیں اتوار کی شروعات میں بیک فٹ پر دھکیل دے گا۔ کولکاتا کو فائنل میں کافی حوصلہ ملے گا، کیونکہ اس نے کچھ دن پہلے ہی حیدر آباد کو ہرایا ہے۔‘‘