اینٹورپ، 25 مئی (یو این آئی) ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم نے ہفتہ کو یوروپی دورے پر کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم کو شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے دی۔ آج یہاں کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی جونیئر خواتین ٹیم نے مقررہ وقت میں اسکور 2-2 سے برابر رہنے کے بعد شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے کامیابی حاصل کی۔ ہندوستان کی جانب سے کنیکا سیواچ نے دو گول کئے۔ ہندوستانی جونیئر خواتین کی ہاکی ٹیم نے پہلے کوارٹر میں تیزی سے اپنی فارم دوبارہ حاصل کرتے ہوئے خود کو مضبوط کیا۔
ہندوستان کو ابتدائی پنالٹی کارنر ملا جسے کنیکا سیواچ نے گول میں بدل کر برتری حاصل کی۔ اس کے فوراً بعد کنیکا نے اسی کوارٹر میں اپنا دوسرا گول کر کے اسکور کو 2-0 کر دیا۔ ہندوستان نے دوسرے کوارٹر اور ہاف ٹائم تک اپنی مضبوط پوزیشن برقرار رکھی۔
بیلجیئم کو تیسرے کوارٹر میں مواقع ملے لیکن ہندوستانی دفاعی لائن نے اسے ناکام بنا دیا۔ آخری کوارٹر میں بیلجیئم نے بالآخر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دو گول کر کے اسکور 2-2 سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد ہونے والے شوٹ آؤٹ میں ہندوستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ 4-2 سے جیت لیا۔
ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم کا اگلا میچ 26 مئی کو بریڈا میں جرمنی کے خلاف ہوگا۔