نئی دہلی 24مئی: کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے الیکشن کمیشن سے ان کے الیکشن لڑنے اور ان کے ووٹ دینے کے حق پر سوال کیا ہے۔ انہوں نے پی ایم مودی کے بائیولوجیکل والے بیان پرکہا کہ کیا کوئی مافوق الفطرت / خدائی صفات کی حامل ہستی ہندوستان میں شہریت کی اہل ہو سکتی ہے اور اگر نہیں تو کیا اسے ووٹ دینے یا الیکشن لڑنے کا حق ہے؟ نیوز 18 کو حال ہی میں ایک انٹرویو میں پی ایم مودی نے کہا تھا ان کی پیدائش بائیولوجیکل طور پرنہیں ہوئی بلکہ انہیں بھگوان نے ایک مشن کو پورا کرنے کے لیے بھیجا ہے۔ کانگریس لیڈر ششی تھرور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات میں حصہ لینے والے خود ساختہ خدائی صفات کے حامل اس ہستی کے دعووں پر غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ بائیولوجیکل طور پر پیدا نہیں ہوئے ہیں بلکہ انہیں خدا نے ایک مشن کی تکمیل کے لیے بھیجا ہے۔واضح رہے کہ پی ایم مودی نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ میں مانتا ہوں کہ میں بائیولوجیکل طور پر پیدا نہیں ہوا ہوں۔ مجھے یہ توانائی اس لیے مل رہی ہے کہ پرماتما مجھے اپنا کام کرنے کے لیے بھیجا ہے۔ پی ایم مودی نے مزید کہا کہ جب تک میری ماں زندہ تھی، میں سمجھتا تھا کہ شاید مجھے بائیولوجیکل طور پر جنم دیا گیا ہے لیکن ماں کے جانے کے بعد جب میں ان تمام تجربات کو ایک ساتھ دیکھتا ہوں تو میں نے مان چکا ہوں کہ خدا نے مجھے بھیجا ہے۔