کنگسٹن، 24 مئی (یو این آئی) برینڈن کنگ کی 45 گیندوں پر (79) طوفانی اننگز اور پھر گڈاکیش اور فورڈ کی 3-3 وکٹوں کی مہلک بالنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ کو 28 رن سے شکست دی اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی ویسٹ انڈیز نے اپنا پہلا وکٹ اوپنر جانسن چارلس (1) کی صورت میں گنوایا۔ اس کے بعد کپتان برینڈن کنگ نے کائل میئرز کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 44 گیندوں میں 79 رن جوڑے۔ کائل میئرز نے 25 گیندوں پر 34 اور برینڈن کنگ نے 45 گیندوں پر 79 رن بنائے۔ روسٹن چیز نے 30 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 32 رن بنائے۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اووروں میں آٹھ وکٹوں پر 175 رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اوٹنیل بارٹ مین اور اینڈائل فیہلوکوایو نے 3،3 وکٹ حاصل کئے۔ جیرالڈ کوٹزی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس کے بعد 176 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے اپنے پہلے وکٹ کوئنٹن ڈی کاک (4) کی صورت میں گنوایا۔ جنوبی افریقہ کو دوسرا جھٹکا دوسرے ہی اوور میں ریان رکلٹن (6) کی صورت میں لگا۔ اس دوران دوسرے اوپنر ریزا ہینڈرکس نے رسی وین ڈیر ڈوسن کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ہینڈرکس نے 51 گیندوں پر 87 رن کی اننگز کھیلی۔ میتھیو برٹزکے 13 گیندوں میں (19) اور رسی وین ڈیر ڈوسن (17) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور جنوبی افریقی بلے بازوں کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ اس کے آٹھ بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے گڈاکیش اور میتھیو فورڈ نے 3-3 وکٹ حاصل کئے۔ عبید میک کائے نے دو وکٹ حاصل کئے۔ روسٹن چیز اور سمیر جوزف نے 1-1 بلے باز کو آؤٹ کیا۔