اینٹورپ، 24 مئی (یو این آئی) ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم جمعہ کو ایف آئی ایچ پرو لیگ 2023-24 کے یورپ مرحلے کے اپنے دوسرے میچ میں بیلجیئم کے خلاف 1-4 سے شکست کھا گئی۔ آج یہاں کھیلے گئے میچ میں بیلجیئم نے مضبوط ہندوستانی ڈیفنس کے خلاف شروع سے ہی جارحانہ موقف اپنایا۔ پہلے کوارٹر کا آدھا وقت گزر جانے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے دائیں جانب سے کچھ حملوں کے ذریعے بیلجیئم کو اپنے ہاف میں دھکیل کر میچ میں رفتار پیدا کرنے کی کوشش کی۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے دفاع کو توڑنے میں ناکام رہیں اور پہلا کوارٹر صفر گول کے ساتھ ختم ہوا۔ دونوں ٹیموں نے دوسرے کوارٹر کا آغاز اچھا کیا۔ اس کوارٹر کے پہلے تین منٹ میں ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا، لیکن وہ اسے گول میں تبدیل نہ کرسکا، کیونکہ ہرمن پریت کا شاٹ بیلجیئم کے گول کیپر نے روک دیا۔ تاہم، آٹھ منٹ باقی رہنے پر فیلکس ڈینائیر (22ویں منٹ) نے گول کر کے بیلجیئم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ انہوں نے ہندوستان کے ڈی کے اندر جگہ ڈھونڈتے ہوئے ایک فیلڈ گول کیا۔ بار بار حملہ کرنے کی کوششوں کے باوجود ہندوستان ہاف ٹائم تک برابری کرنے میں ناکام رہا۔ہاف ٹائم کے بعد ہندوستان نے جارحانہ کھیل شروع کیا لیکن بیلجیئم کے ڈیفنس کو توڑنا بہت مشکل تھا۔ تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کافی جارحانہ نظر آئیں لیکن بیلجیئم پنالٹی کارنر کو گول میں بدلنے میں کامیاب رہا اور ان کے لیے الیگزینڈر ہینڈرکس (34ویں منٹ میں) نے برتری کو دگنا کردیا۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام پر بیلجیئم نے ہندوستان پر 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ میچ کے آخری 15 منٹ میں ہندوستان نے تیزی سے مواقع تلاش کرنا شروع کردیئے لیکن بیلجیئم ایک بار پھر گول کرنے میں کامیاب رہا۔ سیڈرک چارلیئر (49ویں منٹ میں) نے شاندار فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو 3-0 کردیا۔میچ میں پانچ منٹ باقی تھے، ابھیشیک (55ویں منٹ میں) نے ہندوستان کے لیے پہلا گول کیا۔ اس کے بعد میچ کے آخری لمحات میں بیلجیئم کو پنالٹی اسٹروک ملا جسے الیگزینڈر ہینڈرکس (60ویں منٹ میں) نے گول میں بدل دیا۔ اس کے ساتھ ہی بیلجیئم نے یہ میچ 4-1 سے جیت لیا۔ اس شکست کے بعد ہندستان 10 میچوں میں 17 پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں تیسرے نمبر پر ہے۔ بیلجیئم اتنے ہی میچوں میں چھ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کا مقابلہ 25 مئی کو بیلجیئم سے ہوگا۔