اعظم گڑھ:23مئی(یواین آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ اب تک کے رجحانات سے یہ صاف ہوچکا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے اتحاد تیسری بار حکومت بنانے جارہا ہے۔چھٹے مرحلے کے انتخابی مہم کے آخری دن یہاں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہاابھی تک جو جانکاریاں موصول ہورہی ہیں اس کے حساب سے آنے والے نتائج حیران کن ہونگے۔ اس الیکشن میں مودی جی کو 400 سے زیادہ سیٹیں حکومت سازی کے لئے ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کے کاموں کی وجہ سے اترپردیش اب اتسو پردیش بن گیا ہے۔ یہاں پر غنڈے بدمعاشوں کے حوصلے پوری طرح سے پست ہوچکے ہیں۔ بدمعاش کی ہمت نہیں ہے کہ اپنے سینے کی بٹن کھول کر آج اترپردیش کی سڑکوں پر چل سکے۔ملک کی معیشت کے بارے میں انہوں نے دعوی کے ساتھ کہا کہ ہندوستان کی معیشت میں اترپردیش اپنی صنعتی پالیسیوں کی وجہ سے بڑی شراکت داری کررہا ہے ۔ سنگھ آج اعظم گڑھ ضلع کی لال گنج لوک سبھا کے اترولیا اسمبلی حلقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔وزیر دفاع نے اپنے خطاب کے دوران بھوجپوری انداز میں کو اپناتے ہوئے عوام کو پرجوش کیا۔