ہندوستانی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا: پونٹنگ

0
14

نئی دہلی، 23 مئی (یو این آئی) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دہلی کیپٹلز کے کوچ رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ ان سے ہندوستانی ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا۔پونٹنگ نے یہ بات آئی سی سی ریویو سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس سے متعلق بہت سی رپورٹیں دیکھی ہیں۔ عام طور پر یہ چیزیں سوشل میڈیا پر آپ کے علم سے پہلے ہی سامنے آجاتی ہیں۔ آئی پی ایل کے دوران اس حوالے سے مجھ سے کئی بار بات کی گئی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ میں اس کردار میں دلچسپی رکھتا ہوں یا نہیں۔ انہوں نے کہاکہ “میں یقینی طور پر سینئر قومی ٹیم کی کوچنگ کرنا پسند کروں گا۔ لیکن اس وقت میرے پاس اور کام ہے اور میں اپنا وقت گھر کے لیے بھی دینا چاہتا ہوں۔ سب جانتے ہیں کہ اگر آپ ہندوستانی ٹیم کے کوچ ہیں تو آپ آئی پی ایل میں اپنی خدمات فراہم نہیں کر سکتے۔ قومی ٹیم کی کوچنگ ایک ایسا کام ہے جس میں سال کے 10 سے 11 ماہ لگتے ہیں۔ اس وقت میں جس قسم کی زندگی گزار رہا ہوں اس کو دیکھتے ہوئے یہ کردار میرے طرز زندگی میں فٹ نہیں آتا۔انہوں نے کہاکہ “میرا خاندان آئی پی ایل کے آخری پانچ ہفتوں تک میرے ساتھ تھا، وہ سب ہر سال میرے ساتھ ہندوستان آتے ہیں۔ جب میں نے اپنے بیٹے کو بتایا کہ مجھے کوچ کے عہدے کی پیشکش ہوئی ہے تو اس نے بغیر سوچے سمجھے اسے قبول کرنے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ چند سالوں میں ہندوستان کا دورہ کرنا پسند کریں گے۔ میرا خاندان ہندوستان آنا پسند کرتا ہے اور انہیں یہاں کی کرکٹ کلچر بھی پسند ہے۔ لیکن ابھی یہ میرے طرز زندگی میں فٹ نہیں ہے۔گوتم گمبھیر کو بھی حال ہی میں بی سی سی آئی نے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے رابطہ کیا تھا۔ اس دوڑ میں اسٹیفن فلیمنگ اور جسٹن لینگر کے نام بھی چل رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ پونٹنگ اس وقت ہوبارٹ ہریکینز کے ہیڈ آف اسٹریٹیجی ہیں اور انہوں نے ایم ایل سی میں ہیڈ کوچ کی حیثیت سے واشنگٹن فریڈم کے ساتھ دو سالہ معاہدہ بھی کیا ہے۔ ایم ایل سی کا دوسرا سیزن آنے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فوراً بعد شروع ہوگا۔ پونٹنگ اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹی۔ٹوئئنٹی اور ون ڈے ٹیموں کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔