نئی دہلی 21مئی: کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے اپنے والد اور ہندوستان کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو ان کی برسی پر یاد کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام لکھا ہے۔ منگل (21 مئی 2024) کو راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے والد کے ساتھ بچپن کی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے۔ اس تصویر کے ساتھ انہوں نے ایک جذباتی پیغام لکھا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’پاپا، آپ کے خواب، میرے خواب، آپ کی خواہشات، میری ذمہ داریاں۔ آپ کی یادیں، آج اور ہمیشہ، دل میں سدا۔‘‘ راہل گاندھی نے اس پیغام کے ساتھ جو تصویر شیئر کی ہے اس میں وہ اپنے والد کے ساتھ کسی سیاسی سفر پر جاتے نظر آ رہے ہیں۔ راجیو گاندھی کے ساتھ پارٹی کے کئی سینئر لیڈر بھی نظر آ رہے ہیں۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی اس موقع پر ’ایکس‘ پر پوسٹ لکھی ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’21ویں صدی کے جدید ہندوستان کے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے والے، ہندوستانی ذرائع ابلاغ میں انقلاب کے نقیب، پنچایتی نظام کو تقویت دینے اور اس کی اصلاح کرنے والے نیز امن و شانتی اور بھائی چارہ کی علامت سابق وزیر اعظم، بھارت رتن راجیو گاندھی کے یومِ قربانی کے موقع پر دلی خراجِ عقیدت۔ ہندوستان کو ایک مضبوط اور طاقتور ملک بنانے میں ان کی قابلِ ذکر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘ اس پوسٹ کے ساتھ ایک مختصر ویڈیو بھی منسلک ہے۔