بھگوان جگن ناتھ کو مودی بھکت قرار دے کر پھنسے سمبت پاترا

0
10

نئی دہلی 21مئی: بی جے پی لیڈر سمبت پاترا نے بھگوان جگن ناتھ کے بارے میں اپنے تبصرے پر عوام سے معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے کفارے کے طور پر 3 دن کے روزے رکھنے (اپواس) کا وعدہ بھی کیا ہے۔ بی جے پی لیڈر سمبیت پاترا نے کہا کہ وہ اپنی ‘زبان پھسلنے کے لیے معافی مانگتے ہیں اور وہ بھگوان سے معافی مانگنے کے لیے اگلے 3 دن تک روزہ رکھیں گے۔ خیال رہے کہ سمبت پاترا پوری لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں۔ پاترا نے پیر کو اڈیشہ کے ایک مقامی نیوز چینل پر کہا تھا ’’بھگوان جگن ناتھ وزیر اعظم نریندر مودی کے بھکت ہیں۔‘‘ بعد میں انہوں نے اسے “زبان کا پھسلنا‘‘ قرار دیا۔ پاترا نے رات ایک بجے کے قریب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کر کے بھگوان جگن ناتھ کے بارے میں اپنی غلطی کے لیے معافی مانگی۔ انہوں نے کہا، ’’آج میں بھگوان جگن ناتھ کے تعلق سے ہونے والی اپنی غلطی سے بہت پریشان ہوں۔ میں بھگوان جگن ناتھ کے قدموں میں سر جھکا کر معافی مانگتا ہوں۔ اپنی غلطی کا کفارہ اور توبہ کرنے کے لیے میں اگلے تین دن تک اپواس رکھوں گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’پی ایم مودی کے پوری کے دورے کے دوران میں پوری کے گرینڈ روڈ پر بہت زیادہ ہجوم کے درمیان میڈیا کے کئی ساتھیوں کے ساتھ بات چیت کر رہا تھا۔ اسی وقت ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے میں نے غلطی سے ‘مودی کے بھکت جگن ناتھ‘ کہہ دیا۔ اس غلطی کے لیے میں بھگوان جگن ناتھ کے قدموں میں سر جھکا کر اور معافی مانگتا ہوں۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے پاترا نے کہا، ’’یہ ممکن نہیں ہے، کوئی بھی شخص یہ نہیں کہہ سکتا کہ بھگوان کسی انسان کا بھکت ہے۔ ایک چینل کو بائٹ دیتے وقت غلطی ہوئی ہے۔ میں اس بات سے متفق ہوں۔ کچھ لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے لیکن کسی شخص سے انجانے میں ہوئی غلطی کو بھگوان بھی معاف کر دیتا ہے۔‘‘