نئی دہلی19مئی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اتوار (19 مئی) کو عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو یکے بعد دیگرے جیل میں ڈالنے کے خلاف بی جے پی و پی ایم مودی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آپ کے لیڈروں کے خلاف مشن جھاڑو کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ بی جے پی آپریشن جھاڑو چلا رہی ہے۔ جو کچھ بھی ہو رہا ہے پی ایم مودی کروا رہے ہیں۔ انتخابات کے بعد عآپ کے بینک اکاؤنٹ منجمد کیے جائیں گے۔ پی ایم نے عام آدمی پارٹی کو ختم کرنے کا تہیہ کر لیا ہے۔ بی جے پی دفتر جاتے ہوئے روکے جانے پر عآپ کے لیڈران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا کہ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ ہم آج یہاں کیوں جمع ہوئے ہیں۔ پی ایم نے عام آدمی پارٹی کو کچلنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے آپریشن جھاڈو شروع کیا ہے۔ ہمارے اور ان کے مشترکہ جاننے والوں نے ہم کو بتایا کہ جب ہم پی ایم سے ملے تو انہوں نے ملتے ہی عآپ کے بارے میں بات کی۔ پی ایم نے کہا کہ عام آدمی پارٹی والے بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ سی ایم کیجریوال نے کہا کہ آنے والے وقت میں عام آدمی پارٹی کئی ریاستوں میں بی جے پی کے لیے چیلنج بن سکتی ہے اس لیے پی ایم کا ماننا ہے اور وہ کہتے بھی ہیں کہ اس پارٹی کو فوراً ختم کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن جھاڈو کے تحت عام آدمی پارٹی کے بڑے لیڈروں کو گرفتار کیا جائے گا اور گرفتار کیا جا رہا ہے۔ بینک اکاؤنٹس ضبط کر لیے جائیں گے۔ ای ڈی نے کہا ہے کہ انتخابات کے بعد عام آدمی پارٹی کے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کردیا جائےگا اور پارٹی دفتر خالی کرایا جائے گا۔ انہیں لگتا ہے کہ اس طرح وہ عام آدمی پارٹی کو تباہ کر دیں گے۔ میں کہنا چاہتا ہوں یہ 140 کروڑ لوگوں کے خوابوں کی پارٹی ہے۔ 75 سالوں میں ملک کے عوام نے ایسا کام نہیں دیکھا تھا جیسا کہ ہم کرتے ہیں۔ حکومت بھی اتنی ایمانداری سے چل سکتی ہے۔ ہماری پارٹی کا نظریہ ملک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔