نیوسہیر (ترکی) 18 مئی (یو این آئی) ہندوستانی ٹی ٹی کھلاڑی آکاش پال اور پویامنتی بیسیا نے جمعہ کو ترکی کے نیوسہیر میں ڈبلیو ٹی ٹی فیڈر کیپاڈوشیا 2024 میں مکسڈ ڈبلز کا خطاب جیت لیا۔ہندوستانی جوڑی نے فائنل میں ہم وطن انیربن گھوش اور سواستیکا گھوش کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں 3-2 (12-10، 3-11، 8-11، 11-8، 12-10) کے اسکور کے ساتھ شکست دی۔ اس سے قبل سیمی فائنل میں پال اور بیسیا نے یوکرین کے آندرے گریبینیوک اور دمترینکو کو 3-0 (11-8، 11-4، 11-6) سے شکست دی تھی۔واضح رہے کہ پال اور بیسیا کا یہ دوسرا ڈبلیو ٹی ٹی ٹائٹل تھا۔ ہندوستانی ٹیبل ٹینس جوڑی نے مارچ میں بیروت میں مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیت کر اپنے سینئر ہم وطن ساتھیان گنااسیکرن اور مانیکا بترا کو حیران کردیا تھا۔اس کے علاوہ عالمی نمبر 338 کھلاڑی کریتویکا رائے کو سیمی فائنل میں عالمی نمبر 85 جاپان کی ساتسوکی اوڈو سے 3-0 (11-2، 11-6، 11-4) سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ رائے نے راؤنڈ آف 16 میں چائنیز تائپے کے 55 ویں نمبر کے ایل آئی یو ژون کو شکست دی تھی۔پیرس اولمپکس کے لیے ہندوستانی ٹیبل ٹینس ٹیم میں منتخب ہونے والی مانیکا بترا کو کوارٹر فائنل میں جاپان کی ہیتومی ساتو کے ہاتھوں 3-1 (11-5، 11-4، 11-5، 13-11) سے ہار گئیں، جب کہ خواتین کے ڈبلز میں پویامنتی بیسیا اور کریتویکا رائے کو فائنل میں جاپان کے ہونوکا ہاشیموتو اور ہیتومی ساتو کے خلاف 3-0 (11–1، 11–3، 11–8) سے شکست ہوئی۔سیمی فائنل میں پال اور بیسیا نے جرمنی کی فرانزیکا شرینر اور ہندوستان کی یاشاسوینی گھوڑپڑے کو 3-0 (11-7، 11-1، 14-12) سے شکست دی۔مردوں کے سنگلز میں قومی چیمپئن ہرمیت دیسائی راؤنڈ آف 16 میں یوٹا تناکا سے 3-1 (11-8، 7-11، 11-6، 11-8) سے ہار گئے۔ ہرمیت دیسائی پیرس اولمپکس میں مردوں کے سنگلز اور ٹیم ایونٹس میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔