بنکاک، 16 مئی (یو این آئی) ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی چراغ شیٹی اور ساتوک سائیراج رینکی ریڈی کی ٹاپ سیڈ ڈبلز جوڑی نے تھائی لینڈ اوپن 2024 کے راؤنڈ آف 16 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کی جی ژینگ جوڑی کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔
آج یہاں کھیلے جارہے اس سپر 500 ٹورنامنٹ میں ہندوستانی مردوں کی ڈبلز جوڑی نے چین کی جی ژینگ جوڑی کو 38 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 21-16، 21-11 سے شکست دی۔ ساتوک-چراغ جوڑی نے پہلے گیم میں مضبوط شروعات کی اور جی ژینگ جوڑی پر 6-1 کی برتری حاصل کی۔ چینی جوڑی نے واپسی کی کوشش کی لیکن ہندوستانی جوڑی نے اپنی برتری کو 11-4 تک بڑھا دیا۔ اس کے بعد جی ژینگ نے اچھی واپسی کی لیکن ہندوستانی جوڑی نے پہلا گیم 21-16 سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں بھی ہندوستانی جوڑی نے غلبہ حاصل کیا اور زی ژینگ جوڑی پر 21-11 کی آسان جیت درج کی اور اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ ہندوستانی بیڈمنٹن جوڑی کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں ملائیشیا کے جنیدی عارف اور یاپ رائے کنگ سے ہوگا۔مکسڈ ڈبلز میں ستیش کمار کروناکر اور آدیہ واریتھ کی جوڑی کو انڈونیشیا کے رینوو ریوالڈی اور پیتھا ہننگتیاس مینٹری کے ہاتھوں 19-21، 17-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی اس مقابلے میں ہندوستانی جوڑی کا سفر ختم ہوگیا۔خواتین کے ڈبلز کے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں روتاپرنا پانڈا اور سویتپرنا پانڈا کی ہندوستانی جوڑی کو 44 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں رن ایوانگا اور کائی ناکانیشی کی دوسری سیڈ جاپانی جوڑی کے ہاتھوں 16-21، 13-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔