بھوپال، 15 مئی (پریس نوٹ) مصر کے صدر محترم عبد الفتاح السیسی نے اتور 12 مئی 2024 کی صبح میں داؤدی بوہرہ مسلمین کے عالمی قائد سیدنا مفضل سیف الدین کی معیت میں مقام سیدہ زینب بنت علی ابن ابیطالب ع م کی جدید تعمیر شدہ مسجد کا افتتاح کیا، یہ موقع مصر کی مذہبی و ثقافتی تاریخ میں میل کے پتھر کی حیثیت رکھتا ہے
سیدہ زینب نبی کریم صلعم کی نواسی اور اہل بیت رسول کی فرد ہیں، ہزاروں عقیدتمند اپنی عقیدت کے اظہار کے لئے سیدہ زینب کے مقام اقدس کا قصد کرتے ہیں
صدر محترم نے کہا کہ جب اہل بیت نبی صلعم عالم اسلام میں آسرا تلاش رہے تھے تب مصر کی زمین میں وہ سلامتی اور سکون محسوس ہوا جسکے نتیجہ میں اہل البیت نے مصر کی زمین کو اپنا مستقر قبول کیا
سیدنا مفضل سیف الدین نے مقام سیدہ زینب کی مسجد کے ترمیم و تزیین کے منصوبے میں شامل کرنے کے لئے حکومت مصر کا شکریہ ادا کیا، اور عالم اسلام کے لئے اسکی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس سے ایک دن قبل مصر کے صدر محترم نے عزت مآب سیدنا اور ان کے وفد کا صدارتی ایوان میں پر خلوص استقبال کیا۔
داؤدی بوہرہ مسلمین کے حکومت مصر کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، حکومت کے ساتھ مل کر داؤدی بوہرہ نے دور فاطمی کی متعدد مساجد کی تعمیر کا کام کیا ہے جن میں بالخصوص قاہرہ کی عظیم الشان جامع الجامع الانور و دیگر کئی مساجد شامل ہیں۔ اگست 2023 میں عزت مآب سیدنا مفضل سیف الدین کو انکے ثقافتی و معاشرتی افعال خیریہ کی تقدیر میں مصر کا اعلی ترین اعزاز وشاح النیل بھی پیش کیا گیا ہے۔
مصر میں صدر محترم عبد الفتاح السیسی کے اہل بیت النبی صلعم کے مقامات اور مساجد کی ترمیم و تزیین کے منصوبے کے ماتحت سیدنا مفضل سیف الدین نے حال ہی میں مقام راس الامام الحسین ع م اور مقام سیدہ نفیسہ رح کی تعمیر و تززیین کی خدمات بھی انجام دی ہیں جس میں مقام عالی کے بیرونی اور اندرونی حصہ کی مکمل تعمیر و تزیین کا کام شایان شان اہل البیت کیا گیا ۔ یہ تمام معماری منصوبے مصر میں تراث فاطمی کے مادی و ثقافتی بقیہ کی حفاظت اور فروغ کے لئے داؤدی بوہرہ کے عظم قوی کی عکاسی کرتے ہیں۔