بھونیشور، 15 مئی (یو این آئی) اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑا نے بدھ کو فیڈریشن کپ 2024 ایتھلیٹکس میٹ کے مردوں کے جیولن تھرو مقابلے کے فائنل میں 82.27 میٹر کی تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔آج یہاں کلنگا اسٹیڈیم میں منعقدہ مقابلے میں ڈی پی منو نے 82.06 میٹر کی کوشش کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ اتم بالا صاحب پاٹل نے 78.39 میٹر کی کوشش کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔نیرج چوپڑا نے اپنی پہلی کوشش میں 82 میٹر کی تھرو کی جبکہ ڈی پی مانو نے ایونٹ کا آغاز 82.06 میٹر کے تھرو سے کیا جو ان کا ایونٹ میں بہترین تھرو بھی تھا۔ اس کے ساتھ ہی چوپڑا نے اپنی چوتھی کوشش میں 82.27 میٹر کا بہترین تھرو کیا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا، لیکن انہوں نے آخری دو تھرو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ایشیائی کھیلوں میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے کشور جینا 75.49 میٹر کی تھرو کے ساتھ ایونٹ میں پانچویں نمبر پر رہے۔نیرج چوپڑا نے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد کہاکہ ”میں نے کچھ دن پہلے دوحہ میں مقابلہ کیا تھا۔ لہذا، میں نے آخری دو تھرو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ میں اگلے 10-12 دنوں میں دوبارہ چیکیا میں مقابلہ کروں گا۔ اتنے عرصے بعد ہندوستان میں مقابلہ کرنا اچھا لگا۔ ان تمام مداحوں کا شکریہ جو آج ہمیں سپورٹ کرنے کے لئے آئے۔‘‘ نیرج چوپڑا نے گزشتہ ہفتے دوحہ میں منعقدہ ڈائمنڈ لیگ 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس دوران وہ 88.36 میٹر کی تھرو کے ساتھ مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہے تھے۔واضح رہے کہ دونوں ایتھلیٹس نیرج چوپڑا اور کشور جینا پہلے ہی ہندوستان کے لیے پیرس 2024 اولمپک کوٹہ حاصل کر چکے ہیں۔